Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

صدر مملکت نے پنجاب اسمبلی کے عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کردیا

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 30 اپریل بروز اتوار کو پنجاب اسمبلی کے عام انتخابات کرانے کا اعلان کردیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک پیغام  میں صدر مملکت نے پنجاب کی صوبائی اسمبلی میں ہونے والے الیکشن کی تاریخ کا باقاعدہ اعلان کردیا ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پنجاب میں الیکشن 30 اپریل بروز اتوار کو منعقد کئے جائینگے۔

خیال رہے کہ صدر مملکت نے تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن کی جانب سے تجویز کردہ تاریخوں پر غور کرنے کے بعد کیا ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف کو پنجاب میں الیکشن کی تاریخ کے حوالے سے  خط ارسال کردیا گیا تھا۔

خط میں الیکشن کمیشن نے پنجاب میں الیکشن کیلئے مئی کا پہلا ہفتہ تجویز کردیا  ہے اور 30 اپریل سے 7 مئی تک کی تاریخیں تجویز کیں تھیں۔

واضح  رہے کہ چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت پنجاب میں انتخابات کی تاریخ کے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا جس دوران اہم معاملات پر مشاورت کی گئی۔

بعداز اجلاس الیکشن کمیشن نے صدر مملکت کو خط لکھ دیا اور بتایا کہ صدر مملکت پنجاب میں الیکشن کی حتمی تاریخ کا اعلان کریں گے۔

اس کے  علاوہ الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا میں انتخابات کیلئے گورنر کے پی کو بھی مراسلہ جاری کیا ہے جس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں مشاورت کے حوالے سے زور دیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں