Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

عمران خان کی ممکنہ گرفتاری، پی ٹی آئی کا ملک گیر احتجاج کا اعلان

سابق وزیراعظم عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے پیش نظر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے ملک گیر احتجاج کا اعلان کردیا گیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما فواد چوہدری نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حد سے آگے بڑھے تو ملک بھر میں احتجاج کی کال دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت عمران خان پر قاتلانہ حملہ کروانا چاہتی ہے، یہ چاہتے ہیں عمران خان پر عدالت پیشی کے دوران حملہ ہو۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان اقتدار میں آکر ان کی چوری کا احتساب کریں گے، حکومت پی ٹی آئی کارکنوں کو مشتعل کرنا چاہتی ہے۔

 فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان پر 74مقدمات درج ہیں، کسی شخص پر 74مقدمات میں پیش ہونا ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ فسادات کروا کر انتخابات ملتوی کرنا چاہتے ہیں، ملک میں امن وامان کا مسئلہ پیدا کیا جارہا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ فسطائی حکومت نے سیاست کے بعد معیشت کو ڈبو دیا، حکومت اب آئین کو ڈبونے کی کوشش کررہی ہے۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ اسلام آباد پولیس زمان پارک آئی، پولیس توشہ خانہ کیس میں گرفتار کرنا چاہتی ہے۔

شاہ محمود قریشی کی گفتگو

اس موقع پر پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے بھی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وکلاء سے مشاورت کے بعد لائحہ عمل کا اعلان کرینگے، عمران خان عدالتوں میں پیش ہوتے رہے۔

انہوں نے کہا کہ نوٹس میں گرفتاری کا کوئی ذکر نہیں،  کارکن حوصلہ رکھیں، نوٹس وصول کرلیا ہے، پولیس جو نوٹس لائی اس میں گرفتاری کی کوئی بات نہیں، عمران خان کو نوٹس توشہ خانہ کیس میں وصول کروایا گیا۔

شاہ محمود نے مزید کہا کہ عمران خان نے کل خطاب میں قومی یکجہتی کی بات کی، ان کی جان کوخطرہ ہے، عمران خان پر ایک اور قاتلانہ حملے کا پلان بنایا گیا ہے، عمران خان نے کہا خود پر حملہ کرنے والوں کو معاف کرنے کے لیے تیار ہوں، گھبرانے کی نہیں محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔

متعلقہ خبریں