متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ اس سال ایم کیو ایم نے نئے اور تازہ سفر کا آغاز کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم جانتے ہیں پروجیکٹ عمران خان ناکام ہوگیا ہے اور ایسے پروجیکٹ تواتر کے ساتھ نہ صرف ناکام ہوتے ہیں بلکہ آنکھیں بھی دکھاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریاست کو اس پر دست شفقت رکھنا تھا جن کی تاریخ قربانیوں سے بھری پڑی ہے، کیا تمہیں پتا نہیں تھا کہ اس بانیان پاکستان کی اولادوں کے دو سو بیٹے لاپتہ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈومیسائل کا جب اتنا بڑا فرق زمین پر موجود ہو تو ایسے ملک جڑے نہیں رہتے، جب تک ہر پاکستانی کو برابر کا حق دار اور برابر کا وفادار نہیں سمجھا جائے گا پاکستان مستحکم نہیں رہ پائے گا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس سال ایم کیو ایم نے پھر نئے اور تازہ سفر کا آغاز کیا ہے، مردم شماری ہو رہی ہے آپ کو اپنے آپ کو گنوانا ہے کیونکہ یہ مہینہ اہم ترین مہینہ ہے، اس مہینے میں 23 مارچ بھی ہے اور 18 مارچ بھی ہے، 23 مارچ پاکستان بنانے کا ارادہ ہے اور 18 مارچ پاکستان بچانے کا ارادہ ہے جبکہ یہ تاریخ آپ کی جدوجہد سے لکھی ہے۔
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ پاکستان بچانے کے ارادے میں بھی ہزاروں لوگوں کی قربانی ہے، خان صاحب ابھی کچھ نہیں ہوا آپ عشق نبھانے والے نہیں، اس شہر کی سڑکوں پر ہزاروں لوگوں کو قتل کیا گیا ہے۔



















