Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

قوی خان کی رحلت کے بارے میں جان کر رنجیدہ ہوں، عمران خان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ معروف اداکار قوی خان کی رحلت کے بارے میں جان کر رنجیدہ ہوں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر عمران خان کی جانب سے پاکستان شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے نامور ریڈیو، ٹیلی وژن اور فلم کے اداکار قوی خان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔

سابق وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ میری دعائیں اور ہمدردیاں انکے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں۔

قوی خان کی فنی خدمات کبھی بھلائی نہیں جا سکتیں

دوسری جانب سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ نے بھی اپنے ٹوئٹر پر کہا کہ لیجنڈ پاکستان ٹی وی، ڈرامہ، فلم، ریڈیو کے نامور اداکار قوی خان کی وفات پر انتہائی دکھ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اداکار قوی خان نے اپنی جاندار اورقابل دید اداکاری سے شوبز میں اپنا منفرد نام اور مقام بنایا، ان کی فنی خدمات قابل ستائش ہیں جو کبھی بھلائی نہیں جا سکتیں۔

سابق وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ قوی خان نہ صرف ایک بڑے اداکار تھے بلکہ اپنی ذات کے اندر باقاعدہ شوبز انڈسٹری میں نئے آنے والوں میں درسگاہ کی حیثیت رکھتے تھے۔

پرویز الہیٰ نے مزید کہا کہ قوی خان نے کم عمر میں فنی سفر کا آغاز کیا اور تمام عمر فنون لطیفہ کیلئے ہی وقف کردی۔

واضح رہے کہ پاکستان شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے نامور ریڈیو، ٹیلی وژن اور فلم کے اداکار قوی خان کینڈا میں انتقال کر گئے ہیں۔

قوی خان کی طبعیت ان دنوں ناساز تھی اور طبعیت کی ناسازی کے سبب علاج کی غرض سے کینڈا گئے تھے۔

یاد رہے کہ قوی خان کا شمار پاکستان کے ان عظیم اداکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے شوبز انڈسٹری پر اپنی صلاحیتوں کے انمٹ نقوش چھوڑے ہیں۔

80 کی دہائی میں قوی خان کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا بعد ازاں انہیں ستارہ امتیاز سے بھی سرفراز کیا گیا تھا۔

محمد قوی خان پی ٹی وی ایوارڈ اور ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلی وژن کے لائف اچیومنٹ ایوارڈ بھی حاصل کر چکے ہیں جبکہ انہوں نے کئی فلموں میں بھی کام کیا ہے۔

متعلقہ خبریں