پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے ترجمان شوکت یوسف زئی نے کہا ہے کہ اگر عمران خان پر الزام ہے کہ وہ اداروں پر تنقید کرتے ہیں تو کیا مریم نواز اداروں پر پھول پھینکتی ہیں؟
تفصیلات کے مطابق شوکت یوسف زئی نے اپنے بیان میں کہا کہ بلاول بھٹو کی حکومت سے علیحدگی کی دھمکی گیدڑ بھبکیاں ہیں، پیپلز پارٹی اور نون لیگ کا ایجنڈا اور مفاد ایک ہے، ماضی میں دونوں لوٹ مار کرتے رہے اور ایک دوسرے کو باریاں دیتے رہے، پی ڈی ایم سیاسی میدان میں عمران خان کا مقابلہ نہیں کر سکتی اس لیے 72 سے زائد جعلی مقدمات بنائے ہیں۔
شوکت یوسفزئی نے کہا کہ حکمران عمران خان کو گرفتار کر کے الیکشن سے فرار اختیار کرنا چاہتے ہیں، سندھ میں سیلاب نے تباہی مچائی اور بلاول 11 ماہ سرکاری خرچے پر دنیا کا چکر لگاتا رہا، اب اچانک بلاول کو سندھ متاثرین کی یاد آگئی ہے، ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی نے مل کر سندھ کو تباہ کیا ہے، عمران خان پاکستان کے سب سے پاپولر لیڈر ہیں پیمرا کی پابندی سمجھ سے بالاتر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم بھان متی کا کنبہ ہے جو جلد بکھرنے والا ہے، سندھ کے سیلاب متاثرین آج بھی بے یارومددگار کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، پی ڈی ایم کی حکومت نے تاریخی مہنگائی کر کے عوام سے جینے کا حق چھین لیا ہے، عمران خان سب سے بڑی سیاسی جماعت کے سربراہ ہیں ان کی تقاریر کو ٹی وی پر دکھانے پر پابندی قابل افسوس اور قابل مذمت ہے، سب سے زیادہ نفرت مریم نواز پھیلا رہی ہیں، ان کو کیوں کھلی چھٹی دی گئی ہے؟
انہوں نے کہا کہ لیگی رہنماؤں کا لہجہ روز بروز تلخ ہوتا جا رہا ہے، اعلیٰ عدلیہ کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، سلم لیگ نون انتقامی کارروائی پر اتر آئی ہے، امپورٹڈ حکومت عمران خان کی مقبولیت سے خوفزدہ ہو کر ان کو گرفتار کرنا چاہتی ہے، پی ڈی ایم سیاسی میدان میں پی ٹی آئی کا مقابلہ نہیں کر سکتی اس لیے عمران خان کو راستے سے ہٹانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے، مسلم لیگیوں کے لہجے میں تلخی آرہی ہے اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہ عمران خان کی مقبولیت سے کتنے خائف ہیں۔



















