پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ خواتین کی معاشی خود انحصاری پاکستان کی معاشی ترقی کو تیز کر سکتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ن لیگ کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز کا خواتین کے عالمی دن پر پاکستان سمیت دنیا بھر کی خواتین کے ساتھ یک جہتی کا اظہار کرتے ہوئے پیغام جاری کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماؤں، بہنوں، بیٹیوں کی عزت سے ہی قوموں کی عزت ہوتی ہے اور پاکستانی خواتین نے ہمیشہ اپنے عزم و ہمت اور جرات کی لازوال داستان لکھی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ 1947 سے 2023 تک پاکستان کی تاریخ خواتین کی کامیابیوں اور کامرانیوں سے بھری پڑی ہے ۔
یہ بھی پڑھیں: صدر اور وزیر اعظم کا خواتین کے عالمی دن کے موقع پر خصوصی پیغام
مریم نواز کا کہنا تھا کہ نوازشریف اور شہباز شریف نے خواتین کی تعلیم، صحت، تحفظ اور معاشی بہتری کے لئے ہمیشہ تاریخی کردار ادا کیا ہے اور قیام پاکستان کے جذبے سے خواتین کو اب تعمیر پاکستان کے سفر کا ہروال دستہ بنائیں گے ۔
ان کا کہنا تھا کہ خواتین کی تعلیم ہمارا اولین ایجنڈا ہے، خواتین کو پڑھانا پوری نسل کو تعلیم یافتہ بنانا ہے اور خواتین کی معاشی خود انحصاری پاکستان کی معاشی ترقی کو تیز کر سکتی ہے ۔
اس موقع پر انہوں نے آج کے دن کی مناسبت سے مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح، مادر جمہوریت بیگم کلثوم، اسلامی دنیا کی پہلی وزیراعظم محترمہ بے نظیر بھٹو اور ہماری بہادر ملالہ یوسفزئی سمیت پاکستان، آئین اور جمہوریت کے لئے جدوجہد کرنے والی تمام خواتین کو عقیدت کے پھول بھی پیش کیئے۔



















