پرویزالہٰی نے کہا ہے کہ عام انتخابات کرانے سے ہی ملک موجودہ معاشی بحران سے نکل سکتا ہے اور استحکام آسکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعلیٰ پنجاب و مرکزی صدر پاکستان تحریک انصاف چودھری پرویزالہٰی سے سابق ارکان اسمبلی اور مختلف رہنماؤں کی ملاقات ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کو سنبھالنا اس نااہل ٹولے کے بس کی بات نہیں، شہبازشریف کی نام نہاد گڈ گورننس اور اسحاق ڈار کی جادوگری کا پول کھل چکا ہے،انشاءاللہ عمران خان وزیراعظم بنیں گے تو ہی معیشت کا پہیہ صحیح سمت میں چلے گا۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے یہ بھی کہا کہ عمران خان نے آئی ایم ایف کا دباؤ مسترد کرکے پیٹرول 150 سے اوپر نہیں جانے دیا، شہباز شریف نے قوم کو آئی ایم ایف کے ہاتھوں بیچ دیا اور پیسے اپنی جیب میں ڈال لیے۔
ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی اور بیروزگاری نے عام آدمی کو جیتے جی مار دیا ہے، جلدازجلد عام انتخابات کرانے سے ہی ملک موجودہ معاشی بحران سے نکل سکتا ہے اور استحکام آسکتا ہے۔
پرویزالہٰی کا یہ بھی کہنا تھا کہ سمگلنگ اس لیے نہیں رک رہی کہ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے لوگ پاکستان سے ڈالر دوبئی لے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہاں جو سامان چاہتے ہیں ایک ماہ کے اندر بغیر کسٹم کے جہاں کہتے ہیں وہاں پہنچا دیا جاتا ہے۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے یہ بھی کہا کہ اس ساری صورتحال سے پاکستان میں مینوفیکچرنگ کا شعبہ تباہ ہو گیا ہے، اس پالیسی سے بے روزگاری میں اضافہ اور حکومتی ریونیو کو نقصان ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے لگتا ہے کہ شہبازشریف، فنانس منسٹری اور کسٹمز حکام گھوڑے بیچ کر سوئے ہوئے ہیں، سمگلنگ کو روکنے اور ریونیو بڑھانے کیلئے ہمیں اپنی سرحدوں کو مضبوط بنانا ہوگا۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب و مرکزی صدر پاکستان تحریک انصاف چودھری پرویزالہٰی کا مزید کہنا تھا کہ لیبر بیکار بیٹھی ہے مگر شہباز شریف اور نا اہل کابینہ کے سر پر جوں تک نہیں رینگ رہی، اس وقت ملک شدید مالی بحران کا شکار ہے، فیکٹریاں بند ہو رہی ہیں کاروبار میں نقصان در نقصان ہو رہا ہے۔
ملاقات میں سابق ایم این اے عامر سلطان چیمہ، خرم منور منج، سابق ایم پی اے میاں جلیل احمد شرقپوری شریک ہوئے جبکہ ملاقات میں ڈاکٹر اے آر خالد، طاہر نصراللہ وڑائچ، رائے عزیز اللہ، سجاد حیدر چیمہ، علی سلمان صدیق، رائے حماد اسلم بھی موجود تھے۔



















