Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

عمران خان کا پارٹی کارکن علی بلال کی شہادت پر ردعمل

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا پارٹی کارکن علی بلال کی شہادت پر ردعمل سامنے آگیا۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاں بحق کارکن کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے مکمل طور پر نہتے، جانثار اور پرجوش کارکن علی بلال کو پنجاب پولیس نےشہید کردیا۔

انہوں نے کہا کہ انتخابی ریلی میں شرکت کیلئے آنے والے نہتےکارکنان کیساتھ ایسا وحشیانہ سلوک نہایت شرمناک ہے۔

عمران خان نے یہ بھی کہا کہ پاکستان اس وقت خون کے پیا سے مجرموں کے چنگل میں ہے۔ہم آئی جی ، سی سی پی او اور دیگر کیخلاف قتل کے مقدمات درج کروائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس ویڈیو میں علی بلال، جسے پیار سے ظلِّ شاہ کے نام سے بھی پکارا جاتا تھا ان کو واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ تھانے منتقلی کے دوران وہ زندہ تھا۔

عمران خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ چنانچہ اسے پولیس کی حراست میں قتل کیا گیا، موجودہ سرکار اور پنجاب پولیس ایسی وحشت اور کُشت و خون پر آمادہ ہیں۔

سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان  کا مزید کہنا تھا کہ میری ملک بھر میں اپنے ضلعی صدور اور ذمہ داران کو ہدایت ہے کہ ہمارے شہید کارکن علی بلال کی غائبانہ نمازِ جنازہ کی ملک گیر سطح پر ادائیگی کا اہتمام کریں۔

متعلقہ خبریں