وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت این ڈی ایم اے سے ہر قسم کا تعاون کرنے کے لیے تیار ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے این ڈی ایم اے کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک کی ملاقات ہوئی جس میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے ٹیکنالوجی کے استعمال پر اتفاق کیا گیا۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ صوبوں کی ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کے ساتھ ٹیکنالوجی کے ذریعے روزانہ کی بنیاد پر معلومات شیئر کریں گے۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ این ڈی ایم اے عالمی اداروں کے تعاون سے اپنا ایک سائٹیفک سسٹم بنا رہی ہے اور ہم ہر موسم کے منفی اثرات سے بچنے کے حوالے سے ہنگامی پلان بنا رہے ہیں، ہر قسم کی قدرتی آفت سے نمٹنے کی تیاری ٹیکنالوجی کی مدد سے کررہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں؛ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت امن و امان پر اجلاس
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ہمیں حالیہ سیلابی تباہی سے سبق سیکھنا چاہیئے، پہلے زلزلہ آیا اور اب سیلاب، اس کے حوالے سے پیشگی تیاری ہونی چاہیئے۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب کے نتیجے میں پیدا ہونے والے نقصانات کے اثرات کو کم کررہے ہیں، اب گرمیوں کے موسم میں ہیٹ ویو جیسے مسائل کا سامنا ہوسکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ندیوں سے سیلاب کی کیا صورتحال ہوتی ہے اس کی سائنٹیفک طریقے سے ہمیں پہلے خبر ہونی چاہیئے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ سندھ حکومت این ڈی ایم اے سے ہر قسم کا تعاون کرنے کے لیے تیار ہے۔



















