سابق وزیر اعلیٰ پنجاب و مرکزی صدر پاکستان تحریک انصاف چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ الیکشن شیڈول کا اعلان ہونے کے بعد سیاسی سرگرمیاں روکنا خلاف آئین ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ پنجاب و مرکزی صدر پاکستان تحریک انصاف چودھری پرویز الٰہی سے سابق ایم پی اے نوابزادہ منصور علی خان، عون حمید ڈوگرو دیگر نے ملاقات کی جس کے دوران پرویز الٰہی نے کہا کہ مریم نواز سرکاری خرچے پر جلسے جلوس اور تنظیمی اجلاسوں میں کھل کر اعلیٰ عدلیہ کے خلاف زہر اُگل رہی ہے، ان کو آئین کی خلاف ورزی پر کوئی روکنے والا نہیں ہے۔
چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ الیکشن شیڈول کا اعلان ہونے کے بعد سیاسی سرگرمیاں روکنا خلاف آئین ہے، لاہور میں دوبارہ دفعہ 144 کا نفاذ غیر آئینی ہے جس کی سزا آرٹیکل 6 ہے، تمام نمائندے ریلیوں کی صورت میں کاغذات جمع کروانے جائیں گے۔، کاغذات نامزدگی آج سے جمع کروانے کا سلسلہ شروع ہے، ایسی صورتحال میں دفعہ 144 کا نافذ کیسے ہو سکتا ہے؟ عمران خان کی مقبولیت کا خوف ان کو رات کو سونے نہیں دیتا۔
ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی ایماء پر پنجاب کی بگل بچہ نگران حکومت الیکشن کا ماحول نہیں بننے دے رہی، تمام سیاسی پارٹیوں کو آئین پاکستان سیاسی مہم چلانے کا حق دیتا ہے، میچ کی آڑ میں تحریک انصاف کی انتخابی مہم روکی جا رہی ہے، پی ایس ایل کا میچ قذافی اسٹیڈیم میں ہے اور ریلی داتا صاحب کی طرف جانی ہے، عقل کے اندھوں کو یہ بات پتہ ہی نہیں، نگران حکومت انتخابی مہم کی راہ میں رکاوٹ بن کر کسے خوش کر رہی ہے؟
ضرور پڑھیں؛ تمام سیاسی جماعتوں کو انتخابی مہم کی اجازت ہے، محسن نقوی



















