Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

جو ایوان اپنے ارکان کو تحفظ نہیں دے سکتا وہ عوام کو کیسے تحفظ دے گا، شہزاد وسیم

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہزاد وسیم نے کہا ہے کہ جو ایوان اپنے ارکان کو تحفظ نہیں دے سکتا وہ عوام کو کیسے تحفظ دے گا۔

تفصیلات کے مطابق پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور جو چینل حکومت کی مرضی کے خلاف بات کرے اس پر پابندیاں لگائی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیمرا کے قوانین، یہ ایک اور ہتھکنڈا ہے کہ فلاں کی تصویر نہیں دیکھانی اور فلاں کے بیان کو نشر نہیں کرنا جبکہ اس قسم کی سنسرشپ بدترین ڈکٹیٹر شپ میں بھی نہیں دیکھی ہے جو ہم اس دور میں دیکھ رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی قائدین اور میڈیا اپنی جگہ لیکن یہ جو سیاسی کارکن ہوتے ہیں وہ پارٹی کی جدوجہد میں سپاہیوں کا کردار ادا کرتے ہیں۔

شہزاد وسیم کا کہنا تھا کہ سیاسی کارکنان کا نام بہت کم لیا جاتا ہے اور ان کی پذیرائی بھی بہت کم کی جاتی ہے لیکن وہ اصل میں وہ خون ہے جو سیاسی جدوجہد میں دوڑتا ہے، اسے رنگ دیتا ہے اور وہ خون بہتا بھی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر اسلام آباد پہنچ رہے ہیں، شہزاد وسیم

ان کا کہنا تھا کہ ظل شاہ کے ساتھ کیا کیا گیا وہ سب کے سامنے ہے، اس کی پوسٹ مارٹم رپورٹ چیخ چیخ کر بتارہی ہے کہ اس کے ساتھ کیا سلوک ہوا اور کہا یہ جارہا ہے کہ ظل شاہ کی موت ایک حادثہ تھا ۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں آوازوں کو دبانے کی روش ترک کرنی ہوگی، آگے چلنے کا راستہ طے کرنا ہوگا جو کہ طے شدہ ہے جو کہ آئیں اور اس کی پاسداری ہے اور آئین کہتا ہےکہ حق حکمرانی کے فیصلوں کا اختیارعوام کے پاس ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئین کا نفاذ الیکشن کے ذریعے ہوتا ہے جبکہ الیکشن شیڈول کا اعلان ہوچکا ہے لیکن الیکشن مہم کی سرگرمیوں پر پابندی عائد ہے ۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم قانون اور آئین پر عمل کرنے والے لوگ ہیں، ہمارا جو جمہوری اور آئینی حق ہے وہ استعمال کرنا چاہتے ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ جس طریقے سے ایف آئی آر اور جھوٹے مقدمے اس دور  حکومت میں بن رہے ہیں یہ بھی ایک ورلڈ ریکارڈ ہوگا جس میں روزانہ کی بنیاد پر جھوٹی ایف آئی آر درج کی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو سیاسی نشانے پر رکھا ہوا ہے جس کے تحت ہمارے سیاسی قائدین کے ساتھ دہشتگردوں جیسا سلوک کیا گیا، اعظم سواتی، شہباز گل پر جسطرح تشدد کیا وہ سب کے سامنے ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج پارلیمان اور ایوان کی روح زخمی ہے اور جو ایوان اپنے ارکان کو تحفظ نہیں دے سکتا وہ عوام کو کیا تحفظ دیگا۔

متعلقہ خبریں