پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیئر رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان کی حفاظت کیلئے آخری حد تک جائیں گے۔
سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے لاہور ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی جبر کا مقابلہ کرنے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ زمان پارک کے اطراف آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی، مظاہرین پرفائرنگ بھی کی گئی، 300 سے زائد کارکن زخمی ہوچکے ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ کارکنوں کی جرات اور ہمت کو سلام پیش کرتا ہوں، کارکن سیسہ پلائی دیوار کی طرح عمران خان کے ساتھ ہیں۔
اس سے قبل اپنے ایک بیان میں سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا تھا کہ اس وقت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں عمران خان کی گرفتاری کے خلاف احتجاج جاری ہے، اسلام آباد اور کراچی میں آنسو گیس کا بے دریغ استعمال کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ درجنوں کارکن گرفتار کیے گئے ہیں، لاہور مسلسل حالت جنگ کا منظر پیش کر رہا ہے، ہزاروں لوگ زمان پارک اپنے قائد سے اظہار یکجہتی کیلئے جمع ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت کو فیصلہ پسند نہ آئے تو ججز کیخلاف مہم شروع کردیتے ہیں، عوام کی نظریں سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن پر ہیں، آئین کو صرف سپریم کورٹ بچاسکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن نے عمران خان اور فواد چوہدری کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے
انکا کہنا ہے کہ نگراں حکومت لوگوں کو قتل کروارہی ہے، محسن نقوی، آئی جی، سی سی پی او، ایڈیشنل سیکریٹری کو حساب دینا ہوگا، نگراں پنجاب حکومت جانبدار کردار ادا کررہی ہے، الیکشن کمیشن سے نگراں حکومت کا کردار دیکھنے کو کہا ہے۔
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ کل کی ریلی نے بتادیا عوام کس کے ساتھ ہیں، ظل شاہ کے خون کو نہیں بھولنے دیں گے، ظل شاہ کے قتل کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔



















