ترجمان جے یو آئی پاکستان اسلم غوری نے کہا ہے کہ عمران خان کو عدالتوں کے سامنے سرینڈر ہو جانا چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان جے یو آئی پاکستان اسلم غوری نے اپنے بیان میں کہا کہ جیل بھرو تحریک کے نعرے لگانے والا اب جیل سے بچاؤ کے نعرے لگا رہا ہے، عمران نیازی کارکنوں کے پیچھے چھپنے کی کوشش کر رہا ہے۔
ترجمان جے یو آئی نے کہا کہ عمران نیازی کارکنوں کی لاشوں پر سیاست کرنا چھوڑ دیں اور خود کو قانون کے حوالہ کریں، نیازی احتساب سے بچنے کیلئے ملک میں خون خرابی کرنا چاہتا ہے۔
اسلم غوری نے کہا کہ عمران نیازی توشہ خانہ کیس میں سرٹیفائڈ چور ثابت ہو چکے ہیں اب جیل ہی انکا آخری ٹھکانہ ہے، نیازی عدالتوں کے سامنے سرینڈر ہو جائے، تحریک انصاف کے ڈنڈا بردار فورس کی جانب سے لاہور اور اسلام آباد پولیس پر حملہ قابل مذمت ہے، غریبوں کے بچوں کو مروانے کے بجائے قانون کا سامنا کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف اس ملک کے امن و امان کیلئے اک چیلنج بن چکی ہے اس فتنے کی سرکوبی کیلئے ادارے اپنا کردار ادا کریں، عمران نیازی ملک میں خون ریزی کر کے انتخابات سے راہ فرار اختیار کرنا چاہتا ہے۔
ضرور پڑھیں؛ عمران خان کے وارنٹ منسوخی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور



















