Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

انتظامیہ سے مذاکرات کیلئے تیار ہیں، حالات خراب نہیں کرنا چاہتے، فواد چوہدری

تحریک انصاف کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ انتظامیہ سے مذاکرات کیلئے تیار ہیں، حالات خراب نہیں کرنا چاہتے۔

تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ توشہ خانہ کیس میں شریف اور زرداری خاندان نے جھاڑو پھیری، یہ لوگ عمران خان کو گرفتار کر کے مسائل سے توجہ ہٹانا چاہتے ہیں، مسائل کی وجہ سے معیشت تباہ ہو رہی ہے، بنیادی حقوق کے بعد سیاسی حقوق معطل کیے جا رہے ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ الیکشن نہ کروانے کا مطلب آئین معطل کرنا ہے، سپریم کورٹ کے حکم کو ردی کی ٹوکری میں پھینکا جا رہا ہے، ہائیکورٹ کے حکم پر مرضی کے مطابق عمل درآمد کیا جاتا ہے، اسلام آباد پولیس کو ٹیکسی کی طرح ہیلی کاپٹر دیے جا رہے ہیں، لاہور ہائیکورٹ نے پولیس آپریشن روکنے کا حکم دیا، عدالت نے پولیس آپریشن روکنے کے حکم میں توسیع کر دی، عدالت نے معاملات مشاورت سے طے کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ سے بات چیت کیلئے تیار ہیں، حالات خراب نہیں کرنا چاہتے، پی ٹی آئی چاہتی ہے امن و امان ہو تاکہ لوگ ووٹ کاسٹ کر سکیں، عمران خان 4 عدالتوں میں پیش ہو چکے ہیں، ایف ایٹ کچہری میں سیکیورٹی خدشات ہیں، عمران خان کی ویڈیو لنک سے حاضری کی درخواست کی ہے، عمران خان پر حملےکی اطلاعات تھیں۔

انہوں نے کہا کہ مجسٹریٹ کے وارنٹ پر ریاستی وسائل مختص کر دیے، نوازشریف عدالت سے دھوکا کر کے فرار ہوئے، نواز شریف کو فرار کروانے میں شہباز شریف ملوث ہیں، مریم نواز نے والد کو بیرون ملک بھیجنے میں مدد کی، کابینہ میں نواز شریف کو بیرون ملک بھیجنے کی مخالفت کی تھی، نواز شریف کے کیس سے 22 کروڑعوام وابستہ ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ کرپشن کے پیسوں سے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس خریدے گئے، کرپشن یہاں کر کے پیسےباہر وصول کرتے ہیں۔ حسن اور حسین نواز 16 سال کی عمر میں ارب پتی کیسے ہو گئے؟ مریم نوازنے آٹھویں کلاس کا امتحان بھی خود پاس نہیں کیا، عمران خان کو نوٹس نہ بھیجنے پر چیئرمین نیب کو فارغ کر دیا، حکومت نے اداروں میں اپنے منشی لگا دیے ہیں، مریم نواز کے کہنے پر ایف آئی اے نےمجھے نوٹس بھیجا۔

ضرور پڑھیں؛ زمان پارک میں ہنگامہ آرائی، عمران خان اور دیگر پارٹی قائدین پر مقدمہ درج

متعلقہ خبریں