اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خصوصی افراد کی استعداد کار بڑھانے اور کیریئر کونسلنگ کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق صدر عارف علوی کی زیرصدارت خصوصی افراد کی بہبود میں مالیاتی خدمات کے کردار کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں متعدد امور پر بریفنگ دی گئی۔
صدر مملکت نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی افراد کو ان کے ہنر کے مطابق ملازمتوں کے ساتھ جوڑنا ہوگا، پاکستان کی 10 سے 14 فیصد آبادی کسی نہ کسی قسم کی معذوری کا شکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی اور نجی شعبے کو خصوصی افراد کی مالی و سماجی شمولیت کیلئے اجتماعی اقدامات کرنا ہوں گے، پاکستان میں خصوصی افراد کو مختلف جسمانی اور مالی رکاوٹوں کا سامنا ہے۔
عارف علوی نے مزید کہا کہ خصوصی افراد کو مالیاتی خدمات تک رسائی اور روزگار فراہم کرکے مالی طور پر خود مختار بنانے کی ضرورت ہے، معاشرے کو خصوصی افراد کی فلاح و بہبود اور سہولت کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
اجلاس میں بریفنگ
اجلاس میں نیشنل رورل سپورٹ پروگرام کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر راشد باجوہ نے خصوصی افراد اور خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیشنل رورل سپورٹ پروگرام دیہی علاقوں میں کسانوں اور چھوٹے زمینداروں کو مدد فراہم کررہا ہے۔ نیشنل رورل سپورٹ پروگرام پاکستان میں مائیکرو فنانشل سروسز فراہم کرنے والا سب سے بڑا ادارہ ہے۔
اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ نیشنل رورل سپورٹ پروگرام 72 اضلاع میں پسماندہ کمیونٹیز کی فلاح و بہبود کیلئے کام کر رہا ہے۔ نیشنل رورل سپورٹ پروگرام خصوصی افراد کی بہبود اور بحالی کے لیے کام کررہا ہے۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ نیشنل رورل سپورٹ پروگرام خصوصی افراد کو مالی خدمات، مصنوعی اعضاءاور بحالی کی خدمات فراہم کر رہا ہے، نیشنل رورل سپورٹ پروگرام نے خصوصی افراد کو قرضوں کے ذریعے 150.5 ملین روپے تقسیم کیے۔
اس کے علاوہ 3,346 خصوصی افراد کو مائیکرو ہیلتھ انشورنس کوریج اور 14,039 خصوصی افراد کو مصنوعی اعضاء فراہم کیے۔
اس موقع پر نیوٹک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے کہا کہ نیوٹک خصوصی افراد کو مفت تربیت اور ہنر فراہم کرنے، مفت رہائش اور پک اینڈ ڈراپ کی سہولیات فراہم کرنے جارہا ہے۔
دوسری جانب ڈائریکٹر اسلامک فنانس، اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے کہا کہ بینکوں کی جانب سے جلد ہی خصوصی افراد کے لیے انٹرن شپ پروگرام شروع کیے جائیں گے۔
بعدازاں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خصوصی افراد کی بہبود اور انہیں بااختیار بنانے کے لئے کیے گئے اقدامات کی تعریف کی۔



















