Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ریاست کا پہلا اصول عوام ہے اور عوام کو حکومت نے تباہ و برباد کردیا ہے، شیخ رشید

سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے کہا ہے کہ ریاست کا پہلا اصول عوام ہے اور عوام کو حکومت نے تباہ و برباد کردیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک پیغام میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے حکومت کے عوام کے لئے ریلیف کے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ حکومت کا عوام کو ریلیف دینے کا نام عوام کو تکلیف دینا ہے، 50 فیصد مہنگائی بڑھادی گئی ہے اور 6 ارب ڈالر کی یقین دہانی نہیں مل رہی، یہ آئی ایم ایف سے خاک معاہدہ کرینگے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دیوالیہ ریاست کوکیا اور کہتے ہیں سیاست داؤ پرلگادی ہے  جبکہ ریاست کا پہلا اصول عوام ہے اورعوام کو حکومت نے تباہ و برباد کردیا ہے ۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عوام قومی سلامتی پرکوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی، بھوکے مرجائیں گے قومی اثاثوں پرسمجھوتہ نہیں کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ بلی تھیلے سے باہر آگئی ہے، رجیم چینج آپریشن کا پردہ چاک ہونے جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں؛ عمران خان ریل میں ہو یا جیل میں حکومت سے نہیں سنبھالا جائے گا، شیخ رشید

اس سے قبل اپنے ایک بیان میں شیخ رشید نے کہا تھا کہ آئی ایم ایف کی بیل ابھی بھی منڈیر نہیں چڑھی نہ دنیا میں ان کی کوئی لابی ہے، نہ بیرونی فنانسنگ کی یقین دہانی ہے۔ ان کو کوئی سنجیدہ نہیں لیتا، پیڑول 5 روپے اور ڈیزل 13 روپے مزید مہنگا کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کل دنیا کے تمام الیکٹرونک چینل پر زمان پارک کی کیشدگی پہلی خبر تھی، عمران خان کے 84 مقدمات پر دنیا لعن طعن کررہی ہے، عمران خان ریل میں ہو یا جیل میں حکومت سے نہیں سنبھالا جائے گا۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ عدلیہ مریم نواز کے نشانے پر ہے وہ نہیں جانتی کہ فائنل گول عدلیہ نے ہی کرنا ہے اُس کے والد کو عدلیہ لائے گی یا اللہ لائے گا۔

شیخ رشید نے مزید کہا تھا کہ ملک افواہوں کی زد میں ہے، دنیا میں ہمارا معاشی بحران سوالیہ نشان بن گیا ہے اور حکومت خوابے خرگوش میں سوئی ہوئی ہے۔

متعلقہ خبریں