سینئر ڈپٹی کنوینر ایم کیوایم ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ملک کو موجودہ معاشی بحران سے صرف ایم کیوایم ہی نکال سکتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سینئر ڈپٹی کنوینر ایم کیوایم ڈاکٹر فاروق ستار نے ایم کیو ایم کے یوم تاسیس کے حوالے سے باغ جناح میں کئے جانے والے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پورے پاکستان کے عوام کو ایم کیوایم کا 39واں یوم تاسیس مبارک ہو، ایم کیوایم کی بکھرے ہوئے لوگ متحد ہوگئے ہیں، آج کراچی کی حالیہ تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع ایم کیوایم کے پلیٹ فارم سے ہوا ہے اور ایم کیوایم پاکستان کا جلسہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کیلئے اہم آئینہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام جماعتوں نے ایک منظم سازش کے ذریعے ایم کیوایم کو بلدیاتی الیکشن سے باہر کیا، جن اسی فیصد لوگوں نے کراچی بلدیاتی الیکشن کا بائیکاٹ کیا وہ آج ایم کیوایم کے پنڈال میں موجود ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی کل بھی ایم کیوایم کے پاکستان کے ساتھ تھا اور آج بھی ہے، مردم شماری میں کراچی کا مکمل شمار ہونا چاہیئے، کراچی کی لاپتہ آبادی کو اس مردم شماری میں بازیاب ہونا چاہیئے۔
یہ بھی پڑھیں؛ 2023 بدحالی کے خاتمے اور خوشحالی کا سال ہے، فاروق ستار
فاروق ستار نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں ہمارا بائیکاٹ جائز ثابت ہوا، بلدیاتی الیکشن دھاندلی شدہ حلقہ بندیوں کے سبب دھاندلی شدہ ثابت ہوا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایم کیوایم کے آباؤاجداد نے قائم کیا تھا، ملک کے موجودہ معاشی بحران سے صرف ایم کیوایم ہی نکال سکتی ہے، سرکلر ریلوے، کے فورن منصوبہ ایم کیوایم جلد اپنے ادوار میں مکمل کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں غیر قانونی قبضہ مافیا سے زمینوں کا قبضہ ختم کرایا جائے، گوٹھ آباد کے نام ہر اربوں کمانے کا منصوبہ بنایا جارہا ہے، ایم کیوایم پاکستان گوٹھ آباد کے نام پر کمائی کے منصوبے کو مسترد کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں؛ ہمیں فیلڈ میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنا چاہیئے، فاروق ستار
سینئر ڈپٹی کنوینر ایم کیوایم ڈاکٹر فاروق ستار نے مزید کہا کہ کے الیکٹرک اور سوئی گیس والے اپنا قبلہ جلد درست کرلیں، آئندہ انتخابات میں صرف نوجوان قیادت کو سامنے لائیں گے، پاکستان کی پارلیمان میں جوکچرا جمع ہوگیا ہے اسے جلد ڈسٹبین میں پھینک دیں گے۔



















