Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ملک کے بیشتر علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

آج ملک کے بیشترعلاقوں میں  گرج چمک کے ساتھ  ہلکی بارش کا امکان ہے جبکہ کہیں پر تیز ہواؤں سمیت آندھی بھی متوقع ہے۔

 محکمہ موسمیات  کی رپورٹ کے مطابق آج اسلام آباد سمیت ملک کے بیشترعلاقوں میں مطلع جزوی طور پرابرآلود رہے گا اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے۔

 اس وقت اسلام آباد میں چلنے والی ہواؤں میں نمی کا تناسب 84 فیصد جبکہ  زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ ہے-

 محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی طور پرابرآلود رہنے کے علاوہ سوات، دیر، مالاکنڈ، مانسہرہ ،ایبٹ آباد ، بالاکوٹ، کوہاٹ، کوہستان، پشاور، مردان ، کرم ، وزیرستان، ڈی آئی خان ، بنوں سمیت جنوبی بلوچستان، بالائی پنجاب، زیریں سندھ ، مری ،گلیات، اٹک، راولپنڈی ،چکوال ،جہلم،خوشاب،لاہور، گجرات، نارووال ، سیالکوٹ، میانوالی، سرگودھا اور کشمیر میں آندھی اور تیز ہواؤں  کے ساتھ بارش کا قوی امکان ہے۔

علاوہ ازیں پنجگور ،سبی ،کیچ ،نوکنڈی ،تربت ، آواران اور مکران کے ساحلی علاقوں میں بھی آندھی اور تیز ہواؤں سمیت گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

’ملک کے چند مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے‘ محکمہ موسمیات

 علاوہ ازیں سندھ عمر کوٹ، ٹھٹھہ ،کراچی، مٹھی ، شہید بینظیر آباد ، میرپورخاص ، بدین، سانگھڑ ، تھرپارکر ، حیدرآباد اور دادو میں بھی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

گلگت اور بلتستان میں بھی مطلع ابرآلود رہے گا جبکہ چند مقامات پر ہلکی بارش اور بوندا باندی متوقع ہے۔

گزشتہ24 گھنٹوں کا موسم

 محکمہ موسمیات نے بتایا کہ گزشتہ روز بلوچستان، خیبرپختونخوا، سندھ ، پنجاب اور کشمیر کے چند علاقوں میں تیز ہواؤں سمیت گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود اور موسم خشک رہا۔

 گزشتہ روز  ہونے والی بارش (ملی میٹر)

 محکمہ موسمیات کے اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ روز ہونے والی بارش جس میں کاکول میں 36 ملی میٹر ، مالم جبہ میں 8، بونیر میں 5، پاراچنار میں 2، کالام میں 1،سکرنڈ میں 15،خیرپور، موہنجوداڑو، روہڑی اور کوٹ ادو میں 3، شہید بےنظیر آباد اور سکھر میں 1، کشمیراور گڑھی دوپٹہ میں 11، مظفرآباد (ائیرپورٹ میں 5، سٹی 3) خضدار میں 10، قلات میں 8، بارکھان میں 4، کوئٹہ، پنجگور، پشین اور دالبدین میں 3، ژوب میں 2، پنجاب اور مری میں 5، ڈی جی خان میں 4، رحیم یار خان میں 2 اور لاہور میں 1 ملی میٹر بارش ریکادڑ کی گئی۔

آج ریکارڈ کئے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت

 محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ  اس وقت تربت میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 اور مٹھی میں 34 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت اسلام آباد میں 11 اور مری میں 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔

متعلقہ خبریں