Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اس ملک میں فاشزم اور جنگل کا قانون رائج ہے، عمران خان

سابق وزیراعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ اس ملک میں فاشزم اور جنگل کا قانون رائج ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک پیغام میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے حسان نیازی اور صدیق جان کی گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے۔

انہوں نے اپنے پیغام میں امجد نیازی سمیت تمام پی ٹی آئی کارکنان اور لیڈروں پر جو حراستی تشدد کیا جا رہا ہے اس کی پرزور مذمت کی اور کہا کہ اس ملک میں شرمناک فاشزم اور جنگل کا قانون ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ضمانت ملنے کے بعد حسان نیازی کوپہلے اغوا کیا گیا اور اور پھر ایک اور ایف آئی آر میں جھوٹا نام ڈالا گیا۔

ایک اور پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ ہمارے کارکنان اور قائدین کو اغواء اور گرفتار کرنے سمیت تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے جبکہ ان کے گھروں پر بغیر وارنٹس چھاپے مارے جارہے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ اسلام آباد میں آج مراد سعید کی رہائشگاہ پر اس وقت چھاپہ مارا گیا جب وہ گھر پر موجود نہیں تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اقتدار پر قابض مجرموں کے ٹولے کی جانب سے یہ فسطائیت کا اظہار ہے اور اگر ان کا خیال ہے کہ ہمیں دھمکا لیں گے تو یہ لوگ بڑی غلط فہمی کا شکار ہیں، یہ فسطائی ہتھکنڈے محض ہمیں حقیقی آزادی اور قانون کی حکمرانی کی اپنی جدوجہد کو مزید عزم و استقامت سے آگے بڑھانے کی قوت ہی بخشیں گے۔

متعلقہ خبریں