وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے 23 مارچ یوم پاکستان کے حوالے سے خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق 23 مارچ یوم پاکستان کے حوالے سے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ آج کا دِن اُس عظیم دِن کی یاد دلاتا ہے جب جنوبی ایشیا کے مسلمانوں نے غلامی کی زنجیریں کاٹنے اور ایک آزاد مسلم ریاست کے قیام کا پرُ عزم فیصلہ کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ آج کے دِن اقبال پارک لاہور میں 1940کو مسلم لیگ کے تاریخی اجلاس میں قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں نے تاریخ ساز قرار داد منظور کی تھی جو بعد میں قرار داد پاکستان کے نام سے مشہور ہوئی۔
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے یہ بھی کہا کہ ہمیں قائداعظم محمد علی جناح کے دیئے ہوئے ”اتحاد، ایمان اور تنظیم“ اور علامہ اقبال کے تصور پاکستان کے اصولوں پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔
خالد خورشید کا کہنا تھا کہ پاکستان کا قیام جہاں جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور مسلمانوں کی علیحدہ تشخص کی ضمانت تھا، وہاں ان لوگوں کیلئے امید کی کرن تھی جنہیں متحدہ ہندوستان میں مذہبی آزادی و ترقی کے مساوی مواقع سے محروم رکھا گیا اور ان کے تہذیبی تشخص کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس جدوجہد کے نتیجہ میں 14 اگست 1947ء کو دنیا کے نقشے پر پاکستان معرض وجود میں آیا، پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے حکومت، فوج، سلامتی کے اداروں اور عوام نے قربانی دی اور ایٹمی پاور بنا۔
انہوں نے کہا کہ آج بطور قوم ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ایک ایسا سماج تشکیل دیں جس میں رنگ و نسل یا مذہب و فرقے کی بنیاد پرکسی کے ساتھ امتیازی سلوک روا نہ رکھا جائے۔
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے مزید کہا کہ ہم نے مل کر پاکستان کو ایسی فلاحی جدید ریاست بنانا ہے جس میں تمام شہریوں کو مساوی حقوق حاصل ہوں اور پاکستان ہر لحاظ سے ترقی کرے، اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ پاکستان کو سلامت رکھے اور اسے مستقبل کی عظیم ترقی یافتہ مملکت بنائے۔



















