وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں آئی ایم ایف کے معاملات پر بات چیت ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس ہوا جس میں خیبرپختونخوا اور پنجاب اسمبلی کے انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن کے خط کا جائزہ لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق کابینہ ارکان نے رائے دی کہ عام انتخابات پورے ملک میں ایک ساتھ ہونا چاہئیں، دو صوبوں میں انتخابات کروانا ممکن نہیں ہے۔
ذرائع کے مطابق متعلقہ وزراء کی جانب سے کابینہ کو بتایا گیا کہ سیکورٹی اور مالی صورتحال انتخابات کے حوالے سے مناسب نہیں ہے جبکہ حکومت کے پاس فنڈز کی کمی ہے اور آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات پر بات چیت چل رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے انتخابات اکتوبر میں کروانے کے لیے الیکشن کمیشن کو آگاہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
وفاقی کابینہ نے جنوبی وزیرستان انگوراڈہ میں دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے بریگیڈیئر مصطفیٰ کمال برکی کو خراج عقیدت پیش کیا۔
کابینہ ارکان نے کہا کہ بریگیڈیئر مصطفیٰ کمال برکی وطن کی عزت و حرمت پر قربان ہوگئے، قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے۔
کابینہ نے دہشت گردوں سے بھرپور لڑائی پر جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
اجلاس میں امریکا کے سابق مندوب برائے افغانستان زلمے خلیل زاد کے بیانات کا جائزہ لیا گیا اور وفاقی کابینہ نے زلمے خلیل زاد کے بیانات کی مذمت بھی کی۔



















