Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

قومی اسمبلی میں استعفوں اور واپسی کا معاملہ، پی ٹی آئی کی ایک اور درخواست مسترد

پاکستان تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی کے استعفوں کے معاملے پر اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پی ٹی آئی کی ایوان میں واپسی کی ایک اور درخواست مسترد کر دی۔

اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیف وہیپ عامر ڈوگر نے اسمبلی میں واپسی کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے رابطہ کیا۔

اسمبلی ذرائع کا کہنا تھا کہ عامر ڈوگر نے عدالتی فیصلوں کی کاپی کے ساتھ اسپیکر سے ایوان میں واپس آنے کی درخواست کی تھی۔

ذرائع نے بتایا کہ اسپیکر نے جواب دیا کہ کسی عدالتی فیصلے میں اسپیکر کا استعفوں کی منظوری کا حکم مسترد نہیں کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کے استعفوں کےحوالے سے کوئی فیصلہ موصول نہیں ہوا، اسپیکر قومی اسمبلی

قومی اسمبلی کے ذرائع کا کہنا تھا کہ عدالتوں نے الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن معطل کیا اور ضمنی انتخابات بھی ملتوی ہو گئے۔ عدالتوں کی جانب سے جاری اسپیکر کو نوٹسز میں ہماری قانونی ٹیم پیش ہو گی۔

ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کے ریکارڈ میں تحریک انصاف کے 123 اراکین کے استعفے منظور ہو چکے ہیں، ریکارڈ کے مطابق یہ اراکین اب رکن قومی اسمبلی نہیں رہے۔

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے اپنے دو ٹوک موقف میں کہا کہ کسی اجنبی کو ایوان میں آنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

خیال رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے پی ٹی آئی کے 43 ارکان قومی اسمبلی کو ڈی سیٹ کرنے کا نوٹیفکیشن معطل کردیا گیا تھا۔

ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ لاہور ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن معطل کیا ہے، پی ٹی آئی کے 43 ارکان قومی اسمبلی کی رکنیت بحال نہیں کی گئی۔

ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے ارکان تاحال قومی اسمبلی کے رکن نہیں ہیں، ارکان اجلاس میں شرکت نہیں کرسکتے، نہ ہی مراعات استعمال کر سکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں