وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت آئی ٹی ڈپارٹمنٹ کے تعاون سے تربیتی کورسز کا انعقاد کررہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبے میں گوگل کیریئر سرٹیفکیٹس اسکالرشپ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹیک ویلی پاکستان نے گوگل کے تعاون سے ضلع جنوبی کے منتخب سرکاری اسکولوں میں ابتدائی کوڈنگ پروگرامز شروع کئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پروگرام میں بچوں کو آئی ٹی سے متعلق ضروری تربیت دی جائے گی، تربیتی کورسز سندھ حکومت کی آئی ٹی ڈپارٹمنٹ کے تعاون سے شروع کئے جا رہے ہیں۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ سندھ بھر میں گوگل اس سرگرمی کو بڑھانا چاہے گا، ٹیک ویلی پاکستان صوبے بھر کے نوجوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بڑھانے کیلئے مزید پروگرام شروع کرے گا۔
ان پروگرامز میں ڈیجیٹل گوگل گیراج، بی انٹرنیٹ اوسم، گوگل کلاؤڈ سلیوشنز اور پروجیکٹ مینجمنٹ سرٹیفیکیشن شامل ہیں۔
ٹیکنالوجی سیکٹر کی ترقی میں گوگل اور سندھ حکومت کی آئی ٹی ڈپارٹمنٹ مزید تربیتی کورسز کروائے گا۔
پروگرام میں صوبے کے نوجوانوں کی سماجی اور معاشی استحکام کیلئے آئی ٹی ڈپارٹمنٹ نے ٹیک ویلی اور گوگل پاکستان کے ساتھ ایم او یو پر دستخط کیے۔
ایجوکیشن ٹولز، ٹیچرز ٹریننگ اور سرٹیفیکیشن، اور کمپیوٹر لیبز کو جدید کرنے کے حوالے سے گوگل سندھ حکومت سے تعاون کرے گی۔
گوگل کے پروگرامز میں آئی ٹی سپورٹ، آٹومیشن، ڈیٹا اینالیٹکس، پروجیکٹ مینجمنٹ، یو ایکس ڈیزائن شامل ہیں۔
ڈیجیٹل مارکیٹنگ، سائبر سکیورٹی، ایڈوانس ڈیٹا اینالیٹکس اور بزنس انٹیلی جنس کے شعبوں میں بھی گوگل سرٹیفکیشن دے گا۔
گوگل کی طرف سے پیش کردہ اسکالرشپ 5000 تک ہیں، ہر سرٹیفیکیشن کے لیے کل تربیتی گھنٹے چار ماہ کی مدت میں 160 گھنٹے تربیت کروائی جائے گی، پروگرام خواتین اور خصوصی صلاحیتوں کے حامل افراد کو یکساں مواقع فراہم کرے گا، گوگل پروگرامز سے خواتین اور خصوصی صلاحیتوں کے حامل افراد آئی ٹی مہارتوں سے آراستہ ہوجائیں گے۔
آئی ٹی کی دنیا میں آن شور اور آف شور ویزا کے ساتھ فری لانسنگ کے مواقع حاصل کر سکیں گے۔
گوگل کے کورسز کورسیرا کے ذریعے آن لائن سرٹیفیکیشن ہونگے۔
گوگل کے دو پروگرام آئی ٹی انڈسٹری اکیڈمیا انڈسٹری برج اور آئی ٹی انڈسٹری ریڈینس بوٹ کیمپ غریب طلبہ کے لیے ہیں۔
صلاحیتوں کی ترقی کے دونوں پروگراموں کیلئے 404 ملین روپے مختص کئے جائیں گے۔
مذکورہ پروگراموں کا مقصد آئی ٹی گریجویٹس کو سافٹ اسکلز، ڈیٹا سائنس، گیمنگ اور اینیمیشن اور دیگر شعبوں میں تربیت دینا ہے اور یہ پروگرام آئی ٹی میں گریجویشن کرنے والے 6ویں، 7ویں اور 8ویں سمسٹر کے طلباء کیلئے ہیں۔
اجلاس میں چیف سیکریٹری، سیکریٹری کالج ایجوکیشن، سیکریٹری اسکول ایجوکیشن، سیکریٹری یو اینڈ بی، ٹیک ویلی صوبیہ اکرام، سی ای او عمر فاروق، گوگل پراجیکٹ کی ٹیموتھی پولانی، آئی ٹی معاون خصوصی تنزیلہ ام حبیبہ، سیکریٹری آئی ٹی آصف اکرام اور دیگر بھی شریک تھے۔



















