Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ہماری لڑائی ملٹری اسٹیبلشمنٹ سے نہیں ملک کاخزانہ لوٹنے والوں کیخلاف ہے،شیخ رشید

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ہماری لڑائی ملٹری اسٹیبلشمنٹ سے نہیں ملک کا خزانہ لوٹ کر ملک سے باہر لے کر جانے والوں کے خلاف ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ سعودی عرب نے ادھار تیل کی سہولت 8 ماہ میں ہی ختم کردی ہے اور متحدہ عرب امارات منہ نہیں لگا رہا۔

شدید معاشی بحران دروازے پر آگیا ہے

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ شدید معاشی بحران دروازے پر آگیا ہے، جو یہ سوچ رہے ہیں کہ ہم سب ٹھیک کرلیں گے وہ خانہ جنگی کی طرف ملک کو لے کر جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف تو کیا جینوا ڈونر کانفرنس سے بھی کچھ نہیں مل رہا، آٹے کے لئے غریب میں زندگی موت کی لائن لگی ہے۔

اصل خوف عمران خان کی مقبولیت ہے باقی سب بہانے ہیں

شیخ رشید نے کہا کہ ملک نے آئین کے ساتھ چلنا ہے یا بدمعاشوں کے ساتھ اسکا فیصلہ سپریم کورٹ نے کرنا ہے، کل میں سپریم کورٹ پیش ہوں گا۔

انکا کہنا ہے کہ جو کشمیر کی جدوجہد آزادی سے ناآشنا ہیں، اُنہوں نے گلگت بلتستان کی پولیس پر صوبے سے باہر جانے پر پابندی لگادی۔

 سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ مینار پاکستان کا جلسہ ناکام کرنے کے لئے تھریٹ الرٹ جاری کیا، انٹرنیٹ بند کیا اور گرفتاریاں کیں اصل خوف عمران خان کی مقبولیت ہے باقی سب بہانے ہیں۔

ہماری لڑائی ملٹری اسٹیبلشمنٹ سے نہیں

انہوں نے کہا کہ انگریز نے 1940میں مینارپاکستان پر پابندی نہیں لگائی اُنکے ایجنٹوں نے نہ صرف کینٹینر لگائے بلکہ سارے راستے سیل کردیے، اسکے باوجود میلوں سفر کر کے لوگ جلسہ گاہ پہنچے۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ ہماری لڑائی ملٹری اسٹیبلشمنٹ سے نہیں ملک کا خزانہ لوٹ کر ملک سے باہر لے کر جانے والوں کے خلاف ہے۔

متعلقہ خبریں