عازمین حج کیلئے بڑی خوشخبری آ گئی ہے۔
حج 2023ء کے واجبات کی وصولی کے لیے مجاز بینکوں کی برانچیں ہفتے اور اتوار کو کھلی رہیں گی۔
بینک دولت پاکستان نے حج کے خواہش مند افراد کو درخواست فارموں کے ساتھ حج 2023ء کے واجبات جمع کرنے میں سہولت دینے کی غرض سے 14 مجاز بینکوں کو ملک بھر میں اپنی نامزد برانچوں کو ہفتے اور اتوار کے روز صبح 9 بجے تا دو پہر 2 دو بجے تک کھلا رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق قبل ازیں حج پالیسی 2023ء کے مطابق وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی 14 بینکوں (نیشنل بینک آف پاکستان، حبیب بینک، یونائیٹڈ بینک، ایم سی بی بینک، الائیڈ بینک، بینک آف پنجاب، بینک الفلاح، زرعی ترقیاتی بینک، فیصل بینک، عسکری بینک، بینک الحبیب، حبیب میٹروپولیٹن بینک، سونیری بینک اور میزان بینک) کو ملک بھر میں حج کے خواہش مند افراد سے 16 مارچ 2023ء تا 31 مارچ 2023ء تک درخواست فارموں کے ساتھ واجبات وصول کرنے کی اجازت دے چکی ہے۔
دوسری جانب پاکستان میں رواں سال سرکاری حج اخراجات 11 لاکھ سے زائد ہیں جو گزشتہ سال 8 لاکھ 26 ہزار روپے تھے۔
رپورٹ کے مطابق حج پیکیج میں ساڑھے 3 لاکھ روپے اضافے کی وجہ عالمی مہنگائی بنی، رواں سال قربانی کے علاوہ اخراجات 11 لاکھ 75 ہزار تک پہنچ گئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ حاجیوں کے کھانے پینے کے اخراجات میں 100 فیصد تک اضافہ ہوا، فی حاجی 38 روز کے کھانے پینے کا خرچہ ایک لاکھ روپے سے بڑھ گیا، گزشتہ سال کھانے پینے کے اخراجات 53 ہزار 440 روپے تھے جبکہ مکہ مکرمہ میں رہائش کے کرائے بھی 70 فیصد سے زیادہ ہوگئے، کرائے ایک لاکھ 11 ہزار کے بجائے ایک لاکھ 93 ہزار روپے پر پہنچ گئے۔



















