وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات دینے کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے بیرک ریکوڈیک مائننگ کمپنی کے وفد کی ملاقات ہوئی جس میں وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا گیا کہ منصوبے پر کام کرنے والے 70 فیصد افراد کا تعلق بلوچستان سے ہے، منصوبے میں متبادل توانائی کا استعمال کیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ریکو ڈیک منصوبے پر عملدرآمد کے لیے پراجیکٹ سپورٹ ٹیم کے قیام کی ہدایت بھی دی۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں کان کنی، آئی ٹی، توانائی، مواصلات اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، حکومت ملک میں سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات دینے کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کےکئی علاقے خصوصاً بلوچستان معدینات سے مالا مال ہیں، ان قدرتی وسائل سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کے لئے حکومت ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ریکو ڈیک منصوبے کے حوالے سے حالیہ معاہدہ دونوں فریقین کے لیے فائدہ مند ہوگا، ریکو ڈیک منصوبہ بلوچستان کے لئے گیم چینجر ثابت ہوگا اور ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ منصوبے پر عملدرآمد کے لیے تمام متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داری پوری کریں۔



















