Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

عمران خان پاکستان کا ماضی بن چکا ہے، مریم نواز

مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان پاکستان کا ماضی بن چکا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف کی زیر صدارت پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں پارٹی موقف اور اس کے بیان کا جائزہ لیا گیا جبکہ اجلاس میں پارٹی پالیسیوں کے حوالے سے حقائق عوام تک پہنچانے پر  بھی غور کیا گیا۔

اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ سہولت کاروں اور ان کے آلہ کار عمران خان کی کرپشن، بدعنوانیوں اور لوٹ مار کے حقائق لگی لپٹی رکھے بغیر سامنے لائیں جبکہ کسی رو عایت کے بغیر سچ قوم کو بتایا جائے، کرداروں اور ان کے کرتوت سامنے لائے جائیں۔

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے کہا کہ عمران خان پاکستان کا ماضی بن چکا ہے، گزشتہ چار سال میں کیسے ملک تباہ ہوا، عوام کو بتایا جائے، اب پاکستان کے مستقبل کے بارے میں سوچنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس مندوخیل کا آج کا فیصلہ بینچ فکسنگ کے بارے میں ہمارے بیانیے کی جیت ہے، بینچ سازی منصفانہ نہیں تو فیصلہ کیسے منصفانہ متصور ہوگا؟

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنے کرپشن مقدمات سے عوام کی توجہ ہٹانا چاہتا ہے۔ ٹیرین، فارن فنڈنگ، توشہ خانہ مقدمات میں ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عدلیہ میں عمران خان کے سہولت کاروں کو پوری قوت سے بے نقاب کریں، نوازشریف کے مقدمے میں آئین اور قانون کی پامالی کو بے نقاب کیا جائے گا۔

مریم نواز نے کہا کہ اگر انصاف ہے تو نواز شریف کے ساتھ زیادتی کی جتنی شہادتیں آرہی ہیں ابھی تک ترازو کے پلڑے برابر ہو جانے چاہئیں تھے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے مزید کہا کہ گزشتہ چار سال میں معیشت تباہ، عوام غریب ہوئے، چار سال میں ایک کروڑ نوکری میں سے ایک نوکری اور 50 لاکھ گھروں میں سے ایک گھر عوام کو نہیں دیا،10 نمبریوں کا صرف ایک نکاتی ایجنڈا ہے کہ لوٹ مار کریں۔

متعلقہ خبریں