Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نالائقوں کا اقتدار پر قابض گروہ انتشار کی تاریخ رقم کر رہا ہے، فواد چودھری

مرکزی سنئیرنائب صدر تحریک انصاف فواد چودھری نے کہا ہے کہ نالائقوں کا اقتدار پر قابض گروہ انتشار کی تاریخ رقم کر رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق امپورٹڈ حکومت کی جانب سے سوشل میڈیا کارکنان کے خلاف بدترین کریک ڈاؤن پر مرکزی سنئیرنائب صدر تحریک انصاف چوہدری فواد حسین نے ریاستی و حکومتی فیصلہ سازوں کو ہوش کے ناخن لینے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ معیشت سنبھالنے سے لے کر شہریوں سے برتاؤ تک نالائقوں اور نکموں کا اقتدار پر قابض گروہ ہیجان ارو انتشار کی تاریخ رقم کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیوقوفوں کا گروہ سمجھے بغیر معاملات میں کودتا ہے اور اصلاح کی بجائے بدترین خرابی پیدا کرتا ہے، عقل سے یکسر پیدل حکمران ٹولہ سوشل میڈیا کو سمجھے بغیر محض ریاستی جبر اور فسطائیت کے ذریعے اس سے نمٹنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شکست خوردہ بیوقوف معصوم نوجوانوں کے پیچھے بھاگنے کی بجائے پہلے معاملے کو سمجھیں، سماجی میڈیا پر اختلاف رائے کا جواب تشدد اور غنڈہ گردہ سے دینا پرلے درجے کی حماقت ہے۔

فواد چودھری نے کہا کہ معیشت کی اصلاح، داخلی اور خارجی چینلجز کے مقابلے میں وسائل صرف کرنے کی بجائے انہیں سوشل میڈیا پر کون کیا کہتا ہے اور کون کیا نہیں کہتا پر جھونکا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ہر شہری اپنی آزاد سوچ اور آواز رکھتا ہے جسے بازور جبر دبانا کسی کے بس میں نہیں، ناقص پالیسیوں اور احمقانہ فیصلوں پر تنقید کا جواب تشدد اور چھاپوں سے دینے والوںکومزید شدت سے تنقید کا سامنا کرنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک بسنے والے تقریباً 90 لاکھ پاکستانی سوشل میڈیا استعمال کرتے ہیں، ان میں سے بیشتر ان ممالک میں رہتے ہیں جہاں آزادی اظہار بنیادی حق کے طور پر ان پاکستانیوں کو حاصل ہے۔

فواد چودھری نے کہا کہ حکومتی پالیسیوں پر سوشل میڈیا کے ذریعے تنقید کرنے والے نوجوان ان نوجوانوں سے بہتر ہیں جو اسلحہ تھامتے اور ملک کے گلی کوچوں میں فساد کی آگ بھڑکاتے ہیں، تحریک انصاف کے سوشل میڈیا کارکنان اور ذمہ داران ایک جامع ضابطہ عمل کے پابند ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی سوشل میڈیا کے خلاف کارروائیاں اس گروہ کی ایماء پر کی جا رہی ہیں جوخواتین، ریاستی اداروں اور سیاسی مخالفین کے خلاف بہیودگی اور بے حیائی سے بھرے مواد کے ذریعے مہم جوئی کرتا رہا ہے۔

مرکزی سنئیرنائب صدر تحریک انصاف فواد چودھری نے مزید کہا کہ ریاست طاقت کے بے جا استعمال سے پہلے خود احتسابی کے ذریعے معاملے کو سمجھنے کی کوشش کرے، تحریک انصاف کے کارکنان اور شہریوں کے خلاف جاری بدترین کریک ڈائون روک کر احمقانہ فیصلوں پر اصرار کی پالیسی پر نظر ثانی کرے۔

متعلقہ خبریں