متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) کے رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان ڈیجیٹل مردم شماری کے اب تک کے نتائج کو مسترد کرتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) نے کراچی میں پہلی مرتبہ ڈیجیٹل مردم شماری کے عمل کو مسترد کرتے ہوئے غیر جانبدار نجی شعبے سے دوبارہ مردم شماری کرانے اور ڈیٹا تک رسائی دینے کا مطالبہ کردیا ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے کہا کہ مردم شماری کا ڈیٹا کل چیف شماریات کی جانب سے جاری کیا جائے گا، یہ اعداد و شمار ایم کیو ایم کے خدشات درست ہونے کی دلیل ہیں۔
فاروق ستار کا کہنا تھا کہ کراچی کی 46 فیصد آبادی گن لی گئی ہے، پلان ہے کہ شہر کی آبادی 20 کروڑ ظاہر کی جائے۔
ایم کیو ایم پی کے رہنما کا مؤقف ہے کہ شہری علاقوں کی آبادی کم اور دیہی علاقوں میں مردم شماری حکام کی جانب سے اصل اعداد و شمار سے زیادہ دکھائی جا رہی ہے۔
فاروق ستار نے خدشہ ظاہر کیا کہ کراچی کی آبادی اس کی اصل گنتی سے 66 فیصد کم دکھائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کو خوف ہے کہ اگر کراچی کی آبادی درست شمار کی گئی تو اگلا وزیراعلیٰ کراچی سے جیتنے والی جماعتوں کا ہوگا۔
ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے مزید کہا کہ مردم شماری میں دھاندلی اس کے گنتی کرنے والوں کی ہے، ایم کیو ایم پاکستان اس مردم شماری کے اب تک کے نتائج کو مسترد کرتی ہے۔



















