شناختی کارڈ بنوانے والوں کے لئے نادرا سے اہم خبر آ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نادرا ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی جی نادرا کراچی کرنل ریٹائرڈ انیس کیانی 21 اپریل کو اپنے عہدے سے سبکدوش ہو گئے تھے، انیس کیانی کی سبکدوشی سے قبل نئے ڈی جی کی تقرری کے احکامات بھِی جاری نہیں کئے گئے۔
ذرائع نے بتایا کہ نئے ڈی جی کی تعیناتی تک قائم مقام ڈی جی کا چارج بھی کسی سینئر افسر کو تاحال نہیں دیا گیا، ڈی جی کی عدم دستیابی کے باعث نادرا کراچی، حیدرآباد ،بدین، تھرپارکر میں انتظامی امور مشکلات کا شکار ہے۔
ڈی جی کی عدم موجودگی کے باعث روز مرہ انتظامی فیصلوں کے لئے بھی کوئی افسر دستیاب نہیں ہے، چیئرمین نادرا کے رخصت ہونے کے باعث بھی ڈی جی کراچی کے لئے کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا۔
ترجمان نادرا مؤقف کے لئے ٹیلیفون کال اور واٹس ایپ پر پیغام دینے کے باوجود دستیاب نہیں ہوئے۔



















