سستے تیل کے بعد پاکستان کیلئے روس سے ایک اور بڑی خوشخبری آگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر پاکستانی عوام سے خطاب کرتے ہوئے روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ مل کر ایک زیادہ مؤثراور کثیرالجہتی جمہوری عالمی نظام کی تشکیل کے لیے کام کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیاست، معیشت، تعلیم، ثقافت اور انسانی ہمدردی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے اسلام آباد کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔
روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ ماسکو دہشت گردی اور دیگر سکیورٹی خطرات سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے ساتھ ایک اہم سکیورٹی پارٹنر کے طور پر برتاؤ کرتا ہے۔
سرگئی لاوروف نے کہا کہ ہم پاکستان کو سرحد پار جرائم اور دہشت گردی سمیت مشترکہ سیکورٹی چیلنجوں اور خطرات سے نمٹنے کی مشترکہ کوششوں میں ایک اہم بین الاقوامی شراکت دار سمجھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ برسوں میں دونوں ممالک نے تجارت اور معیشت کے شعبوں میں نمایاں اضافہ دیکھا ہے، جس میں روس جنوبی ایشیائی ملک کو گندم فراہم کرنے والے اہم ملک کے طور پر ابھرا ہے۔
سرگئی لاوروف نے کہا کہ تیل کے شعبے میں تعاون شروع کرنے کے لیے مذاکرات آخری مرحلے میں ہیں۔
روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ روس بین الاقوامی فورمز پر پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔



















