پنجاب بھر سے کئی سیاسی شخصیات نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کی کئی سیاسی شخصیات نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے اسلام آباد میں ملاقات کی اور آصف زرداری اور بلاول بھٹو کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی میں شامل ہونے کا اعلان کر دیا۔
بلاول بھٹو سے ملاقات کرنے والوں میں راولپنڈی ، اٹک، سیالکوٹ، خوشاب ، جہلم اور جنوبی پنجاب کے رہنما شامل ہیں۔

پیر عباس محی الدین، ڈسکہ سیالکوٹ سے سابق ایم پی اے اور سابق تحصیل ناظم اعجاز احمد چھجا اورجہلم سے سابق ایم پی اے ملک جاوید نے مسلم لیگ ن چھوڑ کر پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کی۔
اس کے علاوہ پی پی بیاسی خوشاب سے سابق امیدوار ملک ذیشان اعوان اور سابق ایم پی چوہدری شوکت نے بھی پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔
بلاول بھٹو نے تمام قائدین کو اپنے علاقوں میں پارٹی کو مضبوط بنانے اور عام انتخابات کی تیاری کرنے کی تاکید کی۔



















