Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

دریائے جہلم، چناب اور راوی سے منسلک ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ ہونے کا امکان

9 جولائی سے دریائے جہلم، چناب اور راوی سے منسلک ندی نالوں کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ ہونے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم اے نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے پانی چھوڑنے سے دریائے ستلج میں بہاؤ بڑھ سکتا ہے، پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش 8 جون تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے نے کہا کہ ڈی جی خان ڈویژن کے پہاڑی علاقوں میں 6 سے 8 جولائی کے دوران سیلاب کا امکان ہے جبکہ 7 جولائی تک لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی اور گوجرانوالہ کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

ادارے نے کہا کہ مری میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے، ڈپٹی کمشنرز و دیگر افسران فیلڈ میں جا کر نکاسی آب ٹیموں کی خود نگرانی کریں، تمام ادارے انتظامات مکمل رکھیں اور ہنگامی صورتحال سے نبردآزما ہونے کے لیے تیار رہیں۔

پی ڈی ایم اے نے ہدایت دی ہے کہ مسافر حضرات موسمی صورتحال سے آگاہ رہیں کیونکہ تیز آندھی اور بارشوں کے باعث کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

ڈی جی عمران قریشی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، واسا، میونسپل کمیٹیز اور محکمہ ایریگیشن سمیت دیگر ادارے مشینری اور عملہ کو ہمہ وقت تیار رکھیں۔

ان کا کہنا ہے کہ دریاؤں کے قریب آبادیوں میں بسنے والے افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے، پانی کی گزرگاہوں سے ناجائز تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنایا جائے، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز سمیت دیگر ادارے بروقت رپورٹنگ کو یقینی بنائیں۔

ضرور پڑھیں؛ لاہور کے مختلف علاقوں میں تیز آندھی کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری

متعلقہ خبریں