Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ن لیگ گلگت بلتستان میں چیف منسٹر کی سیٹ پر قبضہ کرنا چاہتی ہے، شیخ رشید

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ن لیگ تین سیٹوں سے گلگت بلتستان میں چیف منسٹر کی سیٹ پر قبضہ کرنا چاہتی ہے ایسا نہیں ہوگا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ گلگت بلتستان میں پولیس نے اسمبلی کو تالا لگا دیا اور اسپیکر باہر کھڑے منہ دیکھتے رہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے الیکشن کی طرح گلگت بلتستان میں بھی اکثریت اقلیت میں بدل دی جائے گی، کراچی کے میئر کا الیکشن کشمیر کا الیکشن اور اب گلگت بلتستان کا الیکشن جمہوریت کا پوسٹ مارٹم کر دے گا۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ن لیگ تین سیٹوں سے گلگت بلتستان میں چیف منسٹر کی سیٹ پر قبضہ کرنا چاہتی ہے ایسا نہیں ہوگا، اسے معلوم نہیں گلگت بلتستان کتنا حساس خطہ ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ دنیا کی سیاست میں اس کے جغرافیے کو سمجھنے کی ضرورت ہے 12 اگست سے پہلے پی ڈی ایم ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہوگی۔

انکا کہنا ہے کہ پوری قوم حالات کو بخوبی سمجھتی ہے لیکن وقت کے انتظار میں خاموش ہے، وہ مسترد شدہ چہرے جن سے عوام نفرت کرتے ہیں، وہ دوبارہ چور دروازے سے حکومت پر مسلط ہونے کی سازش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب لوگوں کی خواہشوں کا خون کیا جاتا ہے اور غیر مقبول لوگوں کے لیے راستہ بنایا جاتا ہے  تو مسائل مزید سنگین گھمبیر ہو جاتے ہیں اور ملک بند گلی میں داخل ہوجاتا ہے۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ نگران حکومت کے آنے پر الیکشن كے شفاف ہونے یا نہ ہونے کا کٹی کٹا کھل جائے گا، جو بارشوں کا پانی نہیں سنبھال سکے وہ عوام کی سیاسی سوچوں کے انقلاب کو نہیں سمجھ سکیں گے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ عوام کے مسائل سنگین سے سنگین تر ہوتے جا رہے ہیں جس حکومت سے ڈیڑھ سال میں حالات نہیں، وہ ایک مہینے میں کونسی تلواریں چلا لیں گے سارے پلان دھرے کے دھرے رہ جائیں گے۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ اندازے غلط ثابت ہوں گے پی ڈی ایم منہ دیکھتی رہ جائے گی خواہشیں خبریں ضرور بن سکتی ہیں، لیکن حقیقت میں جمہوریت میں فیصلے وہی ہوتے ہیں جو آئین اور قانون کے تحت عوام کرتی ہے۔

متعلقہ خبریں