Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

جہانگیر ترین کے بھائی عالمگیر ترین نے خودکشی کرلی

استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ جہانگیر ترین کے بھائی اور پی ایس ایل فرنچائز مالک عالمگیر ترین نے خودکشی کرلی۔

ذرائع کے مطابق ملتان سلطانز کے سی ای او حیدر اظہر نے عالمگیر ترین کی وفات کی تصدیق کردی ہے۔

خاندانی ذرائع نے بتایا کہ جہانگیر ترین کے بھائی عالمگیر ترین نے آج خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی۔

ذرائع کے مطابق جہانگیر خان ترین کو بھائی کی موت کی خبر پارٹی اجلاس کے دوران ملی جس کے بعد  جہانگیر ترین اجلاس چھوڑ کر روانہ ہوگئے۔

حیدر اظہر کا کہنا ہے کہ عالمگیر ترین انتہائی اچھی شخصیت تھے سمجھ سے باہر ہے انکی موت کیسے اچانک واقع ہوگئی۔

واضح رہے کہ عالمگیر ترین صدیق ٹریڈ سینٹر گلبرگ کے قریب اپارٹمنٹ میں رہائش پذیر تھے۔

عالمگیر ترین کا خط

استحکامِ پاکستان پارٹی کے بانی جہانگیر ترین کے بھائی عالمگیر ترین کا خودکشی سے قبل اپنے ہاتھ سے لکھا تحریری نوٹ پولیس کو مل گیا۔

پولیس حکام نے بتایا کہ عالمگیر ترین نے خودکشی سے قبل ایک تحریر بھی چھوڑی ہے جس میں انہوں نے اپنی بیماری کا ذکر کیا ہے۔

عالمگیر ترین نے خط میں لکھا کہ عرصہ دراز سے بیماری میں مبتلا ہوں، ادویات کا استعمال بھی کرتا رہا، ڈپریشن کا شکار بھی رہا، حالات سے دلبرداشتہ ہو کر خودکشی کر رہا ہوں۔

ذرائع نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش میں گولی کا ایک خول ملا ہے، عالمگیر ترین کے سر کے دائیں طرف گولی کا نشان موجود ہے ۔

عالمگیر ترین کی نماز جنازہ کب ادا کی جائیگی؟

عالمگیر ترین کی میت کو جنرل اسپتال منتقل کردیا گیا تاہم میت کو جنرل اسپتال سرد خانے میں رکھا جائے گا۔

جہانگیر ترین کے بھائی عالمگیر ترین کی نماز جنازہ آج رات ساڑھے 10 بجے ماڈل ٹاون اے بلاک مسجد میں ادا کی جائے گی۔

عالمگیر ترین کون تھے؟

عالمگیر ترین غیر شادی شدہ تھے، ان کی عمر 63 سال تھی، ان کی منگنی ہوئی تھی اور وہ دسمبر میں شادی کرنے جا رہے تھے۔

عالمگیر ترین معروف بزنس مین اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم ملتان سلطانز کے مالک اور مینیجنگ ڈائریکٹر تھے۔

عالمگیر خان ترین نے جنوبی پنجاب میں ایک سرکردہ بزنس مین کے طور پر اپنا نام قائم کیا۔

وہ شمیم اینڈ کمپنی (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے مینیجنگ ڈائریکٹر تھے، جو جنوبی پنجاب کے لیے پیپسی کو کی آفیشل بوٹلر اور فرنچائز ہے۔

عالمگیر ترین ملک کا سب سے بڑے پانی صاف کرنے کا پلانٹس بھی چلارہے تھے۔

عالمگیر ترین خان نے برکلے کی یونیورسٹی آف کیلیفورنیا سے بیچلر کیا اور بعد میں معروف ییل یونیورسٹی سے ماسٹرز کی ڈگری مکمل کی۔

متعلقہ خبریں