Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان سویڈن واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان سویڈن واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے پارلیمنٹ کے مشترکہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم پر فرض ہے کہ سوئیڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف پوری ملت اسلامیہ اور پاکستان کے عوام کے جذبات ہم پوری دنیا میں ایک زبان کے ساتھ پہنچائیں، اس قبیح حرکت کی بھرپور قوت سے ناصرف مذمت کریں بلکہ ایسے اقدامات کے خلاف ایوان سے مؤثر ترین الفاظ میں قرارداد کی منظوری ہو۔

انہوں نے اسپیکر سے درخواست کی کہ ایک کمیٹی بنائیں جو آئندہ ایسی مذموم حرکتوں کے خاتمے کے لیے سفارشات دے جو ہم ناصرف پاکستان کے متعلقہ اداروں بلکہ دنیا کے فورمز کو یہ سفارشات پہنچائیں، تاکہ کبھی دوبارہ قیامت تک ایسا واقعہ رونما نہ ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ قرآن کریم اللہ تعالیٰ کی آخری کتاب ہے اور اس کا نزول اللہ تعالیٰ کے آخری نبی محمدﷺ پر ہوا اور قرآن کریم کی حکمت وہ پوری دنیا کو محبت، ایثار، صبر اور تحمل کی تلقین کرتی ہے، قرآن کریم میں حضرت مسیحؑ اور حضرت مریمؑ سمیت بہت سے انبیا کا تفصیل سے ذکر آیا ہے اور ہم بطور مسلمان ناصرف ان کو نبی مانتے ہیں بلکہ ان کا احترام کرتے ہیں، ان کی کتابوں اور مذاہب کا احترام کرتے ہیں۔

 وزیر اعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ مجھے یاد نہیں پڑتا کہ کبھی کسی نے یہاں بائبل کی بے حرمتی کی ہو، بائبل کو جلایا گیا ہو، ہم ان تمام مذاہب کا احترام کرتے ہیں تاکہ ہمارے مذہب اور ہماری کتاب، ہمارے نبی اکرمﷺ پر کوئی انگلی نہ اٹھا سکے لیکن اس کے باوجود یہ اسلاموفوبیا اور اسلام کے خلاف جان بوجھ کر جو آگ بھڑکائی جا رہی ہے یہ دنیا بھر میں مسلمانوں اور عیسائیوں کو لڑانے کی سازش ہے۔

متعلقہ خبریں