وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ایم ایل ون منصوبہ ریلوے کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں ریلوے کے مختلف امور زیر بحث آئے اور کراچی پورٹ ٹرمینل سے پپری یارڈ تک کنکٹیویٹی پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔
وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کو پاکستان ریلوے فریٹ ٹرانسپورٹیشن کمپنی کے بزنس پلان پر بریفنگ دی گئی، ٹرینوں، ریلوے اسٹیشنوں اور ریلوے تنصیبات کی برانڈنگ پر اپ ڈیٹ دی گئی اور اجلاس میں ریلوے کے پیداواری یونٹس کی اہمیت اور کارکردگی کا جائزہ بھی لیا گیا۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ایم ایل ون ریلوے کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حثیت رکھتا ہے، ایم ایل ون منصوبے کو ترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھانا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ سیکریٹری/چئیرمین ریلوے سید مظہر علی شاہ کی سربراہی میں وفد کل چین روانہ ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر 15 کوچز، 5 ریلوے اسٹیشن اور 3 بل بورڈ پر برانڈنگ کام کیا جائے گا۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ فریٹ ٹرانسپورٹیشن کمپنی کو ریونیو بڑھانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھانے ہوں گے، ریلوے کمپنیوں کو پرائیویٹ پراجیکٹس سے بھی بزنس حاصل کر کے ریونیو بڑھانا ہوگا۔
وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے ہدایت دی کہ ریلوے کے پیداواری یونٹس کو منافع بخش بنانے کے حوالے سے حکمت تیار کی جائے اور پرائیویٹ انویسٹر کو بھی پیداواری یونٹس میں شمولیت کے مواقع فراہم کیے جائیں۔



















