پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عبدالستار ایدھی جیسے لوگ صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عبدالستار ایدھی مرحوم کی ساتویں برسی پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ عبدالستار ایدھی کو ان کی برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، انسان دوستی کے عظیم پیامبر عبدالستار ایدھی پاکستان کا فخر تھے اور کروڑوں دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عبدالستار ایدھی مرحوم نے بلا تفریق انسانیت کی خدمت کی اور لازوال تاریخ رقم کی اور ان کو دنیا عزت کی نگاہ سے دیکھتی تھی۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عبدالستار ایدھی جیسے لوگ صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں جنہوں نے اپنی پوری زندگی انسانیت کی خدمت کے لیے وقف کردی، پاکستان کے عوام اور پیپلز پارٹی کے کارکن عبدالستار ایدھی کو کبھی نہیں بھولیں گے۔



















