وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے متعلقہ اداروں کو میڈیا مہم چلانے والوں کے خلاف اندرون و بیرون ملک قانونی اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔
وزیر اعظم نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر پر قاتلانہ حملے کی سوشل میڈیا پر مہم چلانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف اور فوج کے خلاف گھٹیا، مذموم اور شرانگیز میڈیا مہم شیطانی ذہن کی منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے یوم سیاہ کے لئے بھی ایسے ہی ذہن سازی کی گئی تھی، 9 مئی کے منصوبہ ساز، سہولت کار اور ہینڈلرز کو دوٹوک پیغام ہے کہ پاکستان اور اس کے اداروں کے خلاف ہر سازش کچل دیں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ سازشی ذہن اور عناصر ملک میں سیاسی و معاشی استحکام کے خلاف پھر سے سرگرم عمل ہیں۔ شہداء کے خلاف غلیظ میڈیا مہم چلانے والوں کی نئی میڈیا مہم ایک ہی منصوبے کی کڑی ہے۔
وزیر اعظم نے متعلقہ اداروں کو میڈیا مہم چلانے والوں کے خلاف اندرون و بیرون ملک قانونی اقدامات کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ فوج اور اس کے سربراہ کے خلاف میڈیا مہم آزادی اظہار کے زمرے میں نہیں آتا، یہ صرف سازش ہے جسے پوری قوت سے روکنا قانونی فرض ہے۔
انکا کہنا ہے کہ قوم اس گھناؤنی سازش کو بھی اسی طرح ناکام بنائے گی جس طرح 9 مئی کو ملک میں خانہ جنگی کی سازش ناکام بنائی تھی۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ مایوس عناصر کو بوکھلاہٹ اور مایوسی میں ملک میں نیا بحران پیدا نہیں کرنے دیں گے، قوم اپنی فوج اور اس کے سربراہ کے ساتھ کھڑی ہے۔



















