Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اگلے دو دن انتہائی اہم؛ حکومت نے خبردار کر دیا

اگلے دو دن کے حوالے سے حکومت نے خبردار کر دیا ہے کیونکہ دریائے راوی کے بعد بھارت نے دریائے چناب میں پانی چھوڑ دیا ہے۔

گزشتہ روز دریائے  راوی اور چناب میں پانی چھوڑنے کی پہلی اطلاع پاکستان کو بھارت کی جانب سے موصول ہو گئی ہے۔

بھارتی کمشنر نے سندھ طاس دفتر کو ٹیلیفون کر کے مطلع کیا کہ راوی کے معاون اوج دریا میں 83 ہزار کیوسک پانی چھوڑ دیا، درمیانے درجے کا سیلاب ہوگا۔ چناب کے معاون دریا جموں توی میں 83 ہزار 400 کیوسک کا ریلا چھوڑا گیا۔

بھارت کی جانب سے مطلع کیا گیا ہے کہ مرالہ پر بہاؤ 2 لاکھ 20 ہزار کیوسک تک جا سکتا ہے، درمیانے درجے کا سیلاب ہوگا۔

اس حوالے سے پاکستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے این ڈی ایم اے کے مطابق بارش کے خطرے سے دوچار علاقوں کی انتظامیہ 20 جولائی تک سیلاب کے امکانات کے حوالے سے حسّاس علاقوں خاص طور پر دریائے چناب پر مرالہ ہیڈ ورکس اور دریائے راوی میں جسر کے مقام پر مانیٹرنگ جاری رکھے گی۔

سیلاب کے امکانات کے حوالے سے وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے تمام سرکاری اور غیر سرکاری اداروں کو خبردار کیا ہے کہ اگلے 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارشوں کا امکان ہے لہٰذا وہ چوکس اور تیار رہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان بارشوں سے جو لوگ متاثر ہو سکتے ہیں ان کا تخمینہ 9 لاکھ لگایا گیا ہے۔

شیری رحمان نے خبردار کیا کہ سب سے زیادہ بارش پنجاب کے شہروں لاہور، نارووال اور سیالکوٹ میں ہوگی، دوسرے صوبوں کو بھی موسلادھار سے درمیانے درجے کی بارش کے لیے الرٹ کر دیا گیا ہے، جن شہروں اور میونسپل علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے، وہاں سیلاب کے الرٹ جاری کیے گئے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ مربوط تیاری اور فعال ردعمل سے جانیں بچائی جا سکتی ہیں اور تمام رسپانس ٹیموں کو چوکس رہنے کی تاکید کی۔

متعلقہ خبریں