عام انتخابات سے قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) میں بڑی تبدیلی آگئی ہے، الیکشن کمیشن کے سیکریٹری عمر حمید الیکشن کمیشن سے ریٹائر ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے عمر حمید کی مدت ملازمت میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
عمر حمید کی بطور سیکریٹری الیکشن کمیشن دو سالہ مدت مکمل ہوگئی جبکہ ان کو نئے سیکریٹری کی تعیناتی تک کام جاری رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن میں نئے سیکریٹری کی تعیناتی کا عمل شروع ہوگیا ہے، الیکشن کمیشن نے سیکریٹری الیکشن کمیشن کی تعیناتی کیلئے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو خط لکھ دیا ہے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات 2023 میں انتخابی نشانات الاٹ کرنے کے لیے درخواستیں طلب کرلی ہیں۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے کہا گیا تھا کہ سیاسی جماعتیں مختص شدہ انتخابی نشان کے لیے درخواستیں جمع کروائیں، درخواستیں پارٹی سربراہ کے دستخط کے ساتھ 19 جولائی تک دی جا سکتی ہیں۔



















