وائس چیئرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے سیاسی راستے جدا ہوں گے۔ ایک نئی دلچسپ سیاست جنم لے رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وائس چیئرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کی آمد آمد ہے، دیکھتے ہیں اونٹ کس کروٹ بیٹھتا ہے۔ کل مولانا فضل الرحمان پریس کانفرنس کے دوران ن لیگ سے نالاں سے نظر آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے وفد سے ملاقات ہوئی میں نے اسٹینڈ بائی ایگریمنٹ کو پاکستان کی خاطر سپورٹ کیا لیکن یہ مسئلے کا حل نہیں ہے۔
اس سے قبل انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد میں شاہ محمود قریشی کے خلاف دو مقدمات کی سماعت ہوئی۔ جج نے کیس کی تحقیقات میں پیشرفت سے متعلق پوچھا۔۔ جس پرتفتیشی افسر نے بتایا کہ تحقیقات ابھی مکمل نہیں ہوئیں، شاہ محمود قریشی کے وکیل بولے میرے مؤکل کا کوئی ٹوئٹ ریکارڈ پر نہیں۔
جج نے کہا کہ سماعت سترہ جولائی تک ملتوی کردیتے ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ سترہ کو ملتان میں پانچ مقدمات کی سماعت ہے، اس پر جج نے ریمارکس دئیے وہاں استثنیٰ لے لیجے گا، میں یہاں کارروائی آگے بڑھانا چاہتا ہوں۔
بعدازاں عدالت نے دونوں کیسز کی سماعت اٹھارہ جولائی تک ملتوی کردی۔



















