Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

عام انتخابات؛ استحکام پاکستان پارٹی کا دو ٹوک موقف سامنے آ گیا

عام انتخابات میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کا دو ٹوک موقف سامنے آ گیا۔

تفصیلات کے مطابق استحکام پاکستان پارٹی نے کسی بھی جماعت سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

اس حوالے سے ڈاکٹر فردوس عاشق نے کہا ہے کہ اعوان بعض حلقے استحکام پاکستان پارٹی کے متعلق سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے افواہ سازی کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی اپنی انفرادی حیثیت سے انتخاب میں حصہ لے گی، سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے ہونے والی تمام باتیں قبل از وقت ہیں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل فردوس عاشق اعوان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ استحکام پاکستان پارٹی کی رجسٹریشن آخری مراحل میں ہے، ہماری پارٹی کا منشور پاکستانی سیاست کی صحت کی بحالی کا نسخہ ثابت ہو گا۔

انہوں نے کہا تھا کہ آئی پی پی کے حوالے سے میڈیا پر بہت بحث ہو رہی ہے، تقاضے پورے کر کے آئندہ ہفتے الیکشن کمیشن میں درخواست جمع کروائے گی، آئندہ ہفتے پارٹی کا منشور بھی سامنے لے آئیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سب سے اہم چیلنج اس وقت معاشی و سیاسی عدم استحکام ہے، ہر پارٹی نے اپنے منشور میں دلفریب نعرے درج کر رکھے ہیں، آئی پی پی صرف سہانے خواب نہیں دکھائے گی، تعبیر بھی دے گی، ملک کے نوجوانوں کو ہم نے بوجھ نہیں بننے دینا۔

متعلقہ خبریں