Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ملک کی پائیدار ترقی کو یقینی بنانے کے لئے ڈیجیٹل اکانومی ناگزیر ہے، احسن اقبال

احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملک کی پائیدار ترقی کو یقینی بنانے کے لئے ڈیجیٹل اکانومی ناگزیر ہے۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے بیجنگ میں چائنہ انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک ایک اہم مرحلے میں داخل ہو چکا ہے موجودہ حکومت کے برسراقتدار آتے ہی سی پیک کے تمام منصوبوں میں تیزی آئی ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ ڈیجیٹل کنکٹیویٹی نے صنعتی شعبوں میں مواصلات اور تعاون میں انقلاب برپا کر دیا ہے۔ ای کامرس پلیٹ فارمز اور آن لائن کاروبار کو دنیا بھر میں صارفین تک پہنچنے کے قابل بناتے ہیں جبکہ ان کے کسٹمر بیس اور ترقی کے مواقع کو بڑھاتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ ڈیجیٹل کنکٹیویٹی نے کاروبارکو ان کی فوری جغرافیائی حدود سے باہر بڑی منڈیوں تک رسائی کی صلاحیت فراہم کی ہے۔

احسن اقبال نے ڈیجیٹل اکانومی کے فروغ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ملک کی پائیدار ترقی کو یقینی بنانے کے لئے ڈیجیٹل اکانومی ناگزیر ہے، دنیا کو چین کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کہ ضرورت ہے جبکہ پاکستان سی پیک کے ذریعے چین کے تجربات سے سیکھ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزارت منصوبہ بندی نے حال ہی میں ڈیجیٹل تبدیلی کے نفاذ کے لیے آئی ٹی اور نجی شعبے کے ماہرین پر مشتمل ایک اسٹیئرنگ کمیٹی قائم کی ہے تاکہ ملکی برآمدات کو بڑھایا جاسکے۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے شرکاء کو حکومت کی جانب سے کئے گئے کلیدی اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ حکومت نے بہت سے منصوبوں جن میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس ، سائبر سکیورٹی، آٹومیشن اور روبوٹکس کے سنٹرز قائم کئے ہیں جبکہ بگ ڈیٹا اور کلاؤڈ کمپیوٹنگ، کوانٹم کمپیوٹنگ اور نینو ٹیکنالوجی میں ابھی کام جاری ہے۔

متعلقہ خبریں