لاہور: شیخوپورہ سے سابق ایم پی اے علی عباس گل آغا نے استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق علی عباس گل آغا کی استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان سے پارٹی سیکرٹریٹ میں ملاقات ہوئی۔ عبدالعلیم خان نے علی عباس گل آغا کا پارٹی میں شمولیت کے فیصلے کا خیر مقدم کیا۔
اس موقع پر عبدالعلیم خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز کے مفاد کا بھرپور تحفظ استحکام پاکستان پارٹی کی اولین ترجیح ہے، ملک و قوم کے گزشتہ5 برس ضائع ہوئے، 9مئی تشدد کی علامت کا دن بن چکا ہے۔
صدر آئی پی پی نے کہا کہ عام آدمی ملک میں نئی قیادت اور اسے ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن دیکھنا چاہتا ہے، استحکام پاکستان پارٹی عوامی امنگوں کے عین مطابق منشور سامنے لائے گی۔
انہوں نے کہا کہ دعوے نہیں عمل کر کے دکھائیں گے، تاخیر کا ازالہ کیا جائے گا، پارٹی کے دروازے کھلے ہیں، ہر محب وطن کو ساتھ لے کر چلیں گے، آئندہ دنوں میں ملک بھر سے اہم شخصیات پارٹی میں شامل ہوں گی۔
عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری، امن و امان اور دہشتگردی جیسے مسائل حل کرینگے، آج بھی پختہ ارادے اور اہل قیادت کیساتھ بحرانوں سے نکل سکتے ہیں۔
دوسری جانب علی عباس گل آغا نے جہانگیر خان ترین اور عبدالعلیم خان کی لیڈر شپ پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی موجودہ حالات میں واحد حل اور بہترین آپشن ہے۔
واضح رہے کہ سابق صوبائی وزراء اور پارٹی رہنما میاں خالد محمود اور سعید اکبر نوانی بھی اس موقع پر موجود تھے۔



















