وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ الیکشن قوانین میں کوئی تبدیلی نہیں کرنے جارہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے انتخابی اصلاحات کمیٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسمبلی مدت پوری کرے گی، اسمبلی کی مدت میں کوئی اضافہ نہیں کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسمبلی تحلیل سے متعلق علم غیب کسی کے پاس نہیں ہوتا، وہ حالات کے مطابق ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انتخابی اصلاحات سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کی غیر رسمی کاروائی ہورہی ہے، الیکشن ایکٹ میں کچھ چھوٹی چھوٹی باقاعدگیاں ہیں، ہمارا مقصد ہے شفاف اور غیر جانبدار انتخابات ہوتے ہوئے نظر آئیں جبکہ انتخابی اصلاحات سے متعلق سیاسی جماعتوں اور الیکشن کمیشن کی تجاویز کا جائزہ بھی لے رہے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بیرسٹر علی ظفر انتخابی اصلاحات کمیٹی کے رکن ہیں اور ان سے ذاتی حیثیت میں انتخابی اصلاحات کمیٹی میں شرکت کرنے کی درخواست کروں گا۔
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے مزید کہا کہ الیکشن قوانین میں کوئی تبدیلی نہیں کرنے جارہے ہیں۔



















