چینی ناظم الامور نے کہا ہے کہ چین پاکستان کو ایک اہم اقتصادی شراکت دار سمجھتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف سے عوامی جمہوریہ چین کے ناظم الامور پانگ چن شوئی نے ملاقات کی ہے جس میں وزیر اعظم نے کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کو اس کی 102 ویں سالگرہ پر مبارکباد دی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ آئرن برادرز اور پرانے دوست ہونے کے ناطے پاکستان اور چین ہمیشہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے،دونوں ممالک نے باہمی دلچسپی کے امور پر ایک دوسرے کی غیر متزلزل حمایت کی ہے۔
شہباز شریف نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے چینی قیادت کے عزم کو سراہا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان کے معاشی استحکام کے لیے چین کی حمایت پر شکریہ ادا کیا اور سی پیک کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان ترقیاتی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
ملاقات میں چینی ناظم الامور نے کہا کہ چین کی حکومت اور کمیونسٹ پارٹی نے پڑوسی سفارت کاری میں پاکستان کو ایک خاص مقام دیا ہے، دوطرفہ تعاون کے تمام شعبوں میں تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے خواہاں ہیں۔
عوامی جمہوریہ چین کے ناظم الامور پانگ چن شوئی نے کہا کہ چین پاکستان کو ایک اہم اقتصادی شراکت دار سمجھتا ہے، چین پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی اور مالی استحکام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔



















