Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

امید ہے آئی ایم ایف کا فنڈ آج منظور ہوجائے گا، وزیر اعظم

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ آج آئی ایم ایف کی میٹنگ ہے، امید ہے آئی ایم ایف کا فنڈ آج منظور ہوجائے گا۔

وزیر اعظم نے پاکستان ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ اور قومی نصاب میں اصلاحات کے آغاز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے ذریعے دنیا نے ترقی کی، تعلیم کا فروغ سیاست نہیں عبادت ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2008میں پنجاب ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ کا آغاز کیا گیا، وظائف سے ہزاروں غریب طلباء نے اپنی تعلیم مکمل کی، ہمیشہ تعلیمی وظائف کو بڑھانے کی کوشش کرتا رہا، آئندہ جو بھی حکومت آئے تعلیمی وظائف کی رقم میں اضافہ کرے۔

شہباز شریف نے کہا کہ مشکل دور بہت جلد گزرجائے گا، پاکستان مستحکم ہوگا، پاکستان ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈز پر ملک بھر کے طلباء کا حق ہے۔

انکا کہنا ہے کہ آج آئی ایم ایف کی میٹنگ ہے، امید ہے آئی ایم ایف کا فنڈ آج منظور ہو جائے گا، یہ کوئی لمحہ فخریہ نہیں لمحہ فکریہ ہے، ہمارے ہمسائے ممالک ہم سے کہیں زیادہ آگے چلے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قوموں پر مشکلات آتی ہیں تو وہ مقابلہ کرنے کا فیصلہ کرتی ہیں ، 80 اور 90 کی دہائی میں ہم ٹیکسائل میں ان ممالک سے آگے تھے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہماری حکومت 14 اگست کو ختم ہوجائے گی، الیکشن کمیشن نے انتخابات کا اعلان کرنا ہے، الیکشن اکتوبر، نومبر میں جب بھی ہونگے الیکشن کمیشن اس کا اعلان کرے گا۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ نوجوان ملک میں انقلاب لاسکتے ہیں، آئندہ جو بھی حکومت آئے وہ تعلیمی وظائف میں اضافہ کرے۔

متعلقہ خبریں