شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 4 جوان شہید جبکہ 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے ژوب چھاون میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران 4 جوان شہید اور 5 زخمی ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیں: جنوبی وزیرستان: انگوراڈہ میں فائرنگ، آئی ایس آئی کے بریگیڈیئر مصطفیٰ کمال برکی شہید
آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ علی الصبح دہشت گردوں کے ایک گروپ نے سیکیورٹی فورسز پر حملہ کیا جبکہ سیکیورٹی اہلکاروں نے دہشت گردوں کی تنصیب میں گھسنے کی کوشش کو ناکام بنا دیا تاہم علاقے میں موجود 2 دہشت گردوں کو پکڑنے کے لئے سیکیورٹی فورسز کا کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ سیکیورٹی فورسز پاکستان اور بلوچستان کے امن کو ثبوتاژ کرنے کی تمام گھناؤنی کوششوں کو ناکام بنائیں گی۔



















