وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ازبکستان کے صدر شوکت مرزیوئیف سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں دونوں رہنماؤں نے علاقائی ترقی کو تیز کرنے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا جبکہ توانائی، رابطے، زراعت، آئی ٹی، ٹیکسٹائل اور لاجسٹکس کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔
ٹیلیفونک رابطے کے دوران وزیراعظم شہبازشریف نے ازبک صدر کو 9 جولائی 2023 کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں دوبارہ منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔
شہباز شریف نے ازبکستان کے صدر مرزیوئیف کے دوبارہ منتخب ہونے کو ازبک عوام کے ان کی قیادت پر اعتماد کا اعادہ قرار دیتے ہوئے اپنے اس پختہ اعتماد کا اظہار کیا کہ ان کی قیادت میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات مضبوط ہوتے رہیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ازبکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کی پاکستان کے لئے اہمیت پر زور دیتے ہوئے ترجیحی تجارتی معاہدے اور ازبکستان۔پاکستان ٹرانزٹ ٹریڈ ایگریمنٹ کے آپریشنل ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ دونوں معاہدے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو فروغ دیں گے۔



















